ہریانہ اسمبلی انتخابات کی 90 سیٹوں پر ووٹنگ جاری
ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لیے ہفتہ کی صبح سات بجے سخت سکیورٹی کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔

چنڈی گڑھ: ہریانہ اسمبلی کی 90 سیٹوں کے لیے ہفتہ کی صبح سات بجے سخت سکیورٹی کے درمیان ووٹنگ شروع ہو گئی۔ ووٹنگ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ ریاست کے دو کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ ووٹر آج 1031 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پوری ریاست میں ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔
ہریانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر پنکج اگروال نے جمعہ کے روز کہا کہ 2.04 کروڑ ووٹروں میں سے 1.07 کروڑ مرد، 95.78 لاکھ خواتین اور 467 ٹرانس جینڈر ووٹر ہیں۔ 18 سے 19 سال کی عمر کے 5.25 لاکھ نوجوان ووٹر ہیں جو پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں۔ 1.49 لاکھ معذور ووٹرز بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 93,545 مرد، 55,591 خواتین اور چھ خواجہ سرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 85 سال سے زیادہ عمر کے 2.31 لاکھ ووٹرز ہیں جن میں 89,940 مرد اور 1.41 لاکھ خواتین ہیں۔ اس کے علاوہ 100 سال سے زیادہ عمر کے 8,821 ووٹرز ہیں۔ ملازم ووٹروں کی کل تعداد 1.09 لاکھ ہے۔
مسٹر اگروال نے کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کل 1,031 امیدواروں میں سے 930 مرد اور 101 خواتین امیدوار ہیں۔ ان امیدواروں میں 464 آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) شتروجیت کپور نے ووٹروں سے جمہوریت کے اس تہوار میں بے خوف ہو کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری نظام کے استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ مسٹر شتروجیت کپور نے کہا کہ انتخابات کے لئے پوری ریاست میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
اسمبلی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور پرامن طریقے سے انجام دینے کے لیے 29,462 پولس اہلکار، 21,196 ہوم گارڈ اہلکار اور 10,403 ایس پی اوز اور نیم فوجی دستوں کی 225 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 201 بین ریاستی چیک پوسٹوں کے علاوہ ریاست میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے 191 اضافی بین ریاستی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔
ڈی جی پی نے کہا کہ ہر سطح پر افسران اور پولس اہلکاروں کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ ریاست بھر میں 10,495 مقامات پر کل 20,629 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ 3616 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 145 پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جہاں اضافی پولس فورس تعینات کی جائے گی۔ اس کے علاوہ 516 فلائنگ اسکواڈز، 469 اسٹیٹک سرویلانس ٹیم اور 32 کوئیک ری ایکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ امن و امان اور مثالی ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے دن اور رات کی گشت کے لیے 1,156 گشتی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔
اس بار انتخابات میں اصل مقابلہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اہم اپوزیشن جماعت کانگریس کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ کچھ اسیٹوں پر کثیر جہتی مقابلہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔