باچوپلی میں بارش کے دوران دیوار گرگئی ، 7مزدور ہلاک
مہندمہ دیوار کا ملبہ چہارشنبہ کی صبح تک ہٹادیاگیا۔اس واقعہ پر وزیراعلی ریونت ریڈی نے گہرے دکھ کااظہار کیا۔انہوں نے وہاں موجود عہدیداروں سے تفصیلات طلب کیں اوراس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے نواحی علاقہ باچوپلی میں کل رات بارش کے دوران زیرتعمیر مکان کی دیوار گرپڑنے کے نتیجہ میں 7افراد ہلاک ہوگئے۔منگل کی شام باچوپلی کی رینوکاایلماں کالونی میں یہ واقعہ پیش آیا۔
کل رات سے چہارشنبہ کی صبح تک عہدیداروں کی جانب سے راحت کام کئے گئے۔ملبہ سے 7لاشیں برآمد ہوئیں جن کو پوسٹ مارٹم کے لئے گاندھی اسپتال منتقل کردیاگیا۔مہلوکین کی شناخت 20سالہ تروپتی راو،22سالہ شنکر،25سالہ راجو،34سالہ یادو، 32سالہ گیتا،4سالہ ہمانشو اور خوشی کے طورپر کی گئی ہے۔
بتایاجاتا ہے کہ ایک کمپنی، اس کالونی میں پانچ منزلوں والی عمارت کی تعمیر کررہی ہے جس کیلئے اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے یہ مزدور کام کررہے تھے۔مزدورتعمیراتی جگہ پر شیڈ میں ہی مقیم تھے۔کل شب شدید بارش کے دوران عمارت کے اطراف بنائی گئی دیوار مزدوروں کے شیڈ پر اچانک گرپڑی۔
مہندمہ دیوار کا ملبہ چہارشنبہ کی صبح تک ہٹادیاگیا۔اس واقعہ پر وزیراعلی ریونت ریڈی نے گہرے دکھ کااظہار کیا۔انہوں نے وہاں موجود عہدیداروں سے تفصیلات طلب کیں اوراس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
عہدیداروں نے وزیراعلی کو بتایا کہ بارش کے دوران اچانک دیوارگرپڑی۔وزیراعلی نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔انہوں نے اس واقعہ میں زخمی6 افراد کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرلیا۔