درگاہ سالار غازی ؒ پر جمال صدیقی کی حاضری۔ میلہ پر پابندی کے دوران مزار پر چادر کی پیشکشی (ویڈیو)
بہرائچ میں سید سالار مسعود غازی ؒ کی درگاہ پر منعقد ہونے والے میلہ پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے دوران بی جے پی اقلیتی فرنٹ کے قومی صدر جمال صدیقی نے عرس کے موقع پر درگاہ پر ایک چادر پیش کی اور کہا کہ وہ سالار غازی کو بزرگ تصور کرتے ہیں۔

بہرائچ (یوپی) (پی ٹی آئی) بہرائچ میں سید سالار مسعود غازی ؒ کی درگاہ پر منعقد ہونے والے میلہ پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے دوران بی جے پی اقلیتی فرنٹ کے قومی صدر جمال صدیقی نے عرس کے موقع پر درگاہ پر ایک چادر پیش کی اور کہا کہ وہ سالار غازی کو بزرگ تصور کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ 3 مئی کو بہرائچ ضلع انتظامیہ نے سالانہ ”جیٹھ میلہ“ پر امتناع عائد کردیا تھا جو روایتی طورپر اس درگاہ پر منعقد کیا جاتا تھا۔ ایک سرکاری بیان میں انتظامیہ نے پہلگام حملہ اور سنبھل تشدد جیسے واقعات کے بعد عوام میں برہمی کے ماحول کا حوالہ دیتے ہوئے پابندی عائد کردی تھی۔ جیٹھ میلہ کی اصل تواریخ 15 مئی تا 15 جون ہوتی ہیں اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ ہندوستان اور بیرون ِ ملک سے لاکھوں عقیدت مند اس میں شرکت کریں گے۔ صدیقی نے نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میلہ پر امتناع عائد کیا جاسکتا ہے لیکن عرس پر کوئی امتناع نہیں ہے۔ لوگ زیارت کے لئے آرہے ہیں۔
سید صاحب کا درجہ بے حد اونچا ہے۔ لاکھوں عوام حاضری دینے کے لئے یہاں آتے ہیں اور مستفید ہوتے ہیں۔ میں بھی اپنے والد کے لئے دعا کرنے یہاں آیا ہوں۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے حملہ آوروں کو شان و شوکت کے ساتھ پیش کرنے کے خلاف تبصرہ کیا تھا جس کے پس منظر میں میلہ پر امتناع عائد کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے جاریہ سال 20مئی کو بہرائچ کے دورہ کے دوران مہاراجہ سہیل دیو کی بہادری کی تعریف کی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ انہوں نے سالار غازی کو شکست دی تھی۔ یوگی نے کہا کہ حملہ آور کی تعریف‘ تعظیم و تکریم کرنے کا مطلب غداری کی بنیادوں کو مضبوط بنانا ہے۔ آدتیہ ناتھ کے تبصرہ کے بارے میں پوچھے جانے پر صدیقی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یوگی جی ہماری ریاست کے چیف منسٹر ہیں۔
میں نہیں جانتا کہ انہوں نے کس سیاق و سباق میں یہ بات کہی ہے۔ یوگی جی کا عقیدہ‘ علم اور معلومات اپنی جگہ ہیں لیکن میں غازی بابا کو مانتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں 6 ماہ کا تھا تو مجھے یہاں لایا گیا تھااور اُس وقت سے اب تک میں یہاں آتا رہاہوں۔ آج میں اپنے عقیدہ کی وجہ سے یہاں آیا ہوں۔ ہمیں اپنے عقیدہ پر عمل کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ غازی بابا ایک بزرگ‘ سدھاپرش‘ پیر اور ولی اللہ ہیں۔