میری رضامندی کے بغیر وانگ چک کا علاج نہ کیا جائے: وانگ چک کی اہلیہ گیتانجلی
سونم وانگ چک ”بالکل ٹھیک“ ہیں لیکن باربار گزارش کے باوجود صفدر جنگ ہاسپٹل ان کی میڈیکل رپورٹس کی کاپی شیئر کرنے سے انکار کررہا ہے۔ وانگ چک کی بیوی گیتانجی جے انگمو نے ہفتہ کے دن یہ بات کہی۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) سونم وانگ چک ”بالکل ٹھیک“ ہیں لیکن باربار گزارش کے باوجود صفدر جنگ ہاسپٹل ان کی میڈیکل رپورٹس کی کاپی شیئر کرنے سے انکار کررہا ہے۔ وانگ چک کی بیوی گیتانجی جے انگمو نے ہفتہ کے دن یہ بات کہی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ پارلیمنٹ مارچ نکل کر رہے گا اور اس میں وانگ چک حصہ لیں گے۔ گیتانجلی نے دواخانہ کے عہدیداروں کو بتادیا کہ ان کی مرضی کے بغیر وانگ چک کا کوئی علاج نہ کیا جائے۔ انہیں ڈسچارج کردیا جائے۔ گیتانجلی نے کہا کہ دواخانہ کے معاملات میں کھلاپن نہیں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ دواخانہ کے باہر پولیس کیوں ہے۔
انہیں دواخانہ کے اندر فون کیوں نہیں لے جانے دیا جارہا ہے۔ گیتانجلی نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے اطلاع دی ہے کہ وانگ چک کا پوٹاشیم لیول جو ایک دن قبل 4.3 تھا گھٹ کر 2.9 ہوگیا ہے لیکن میڈیکل رپورٹ کی کاپی نہیں دی جارہی ہے۔ کل صفدر جنگ کے ڈاکٹروں نے وانگ چک کا معائنہ کیا تھا اور ان کے سارے وائٹل نارمل تھے۔
پوٹاشیم 4.3 تھا۔ اب کہا جارہا ہے کہ وہ 2.9 ہوگیا ہے اور ان کی جان خطرہ میں ہے تاہم ہم نے جب رپورٹ مانگی تو وہ رپورٹ دکھا تو رہے ہیں لیکن دے نہیں رہے ہیں۔ کھلاپن نہ ہونے سے مجھے بھروسہ نہیں ہے۔ گیتانجلی نے کہا کہ میں نے دواخانہ والوں سے کہہ دیا ہے کہ وانگ چک کو پوٹاشیم نہ دیا جائے۔
ہم ایک اور لیباریٹری سے ٹسٹ کرانا چاہتے ہیں۔ سونم بالکل ٹیم ہیں اور ہم انہیں جلد ایسے دواخانہ میں شفٹ کردیں گے جس پر ہمیں بھروسہ ہو۔ دواخانہ کے سامنے بھاری پولیس فورس پر گیتانجلی نے کہا کہ اگر یہ صرف طبی مسئلہ ہے تو پھر اتنی فورس کیوں ہے۔ ہمیں ہمارا فون اندر لے جانے کیوں نہیں دیا جارہا۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ صفدر جنگ جیل ہے‘ صفدر جنگ ہاسپٹل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وانگ چک کو مقام ِ احتجاج سے ہٹائے جانے کا احتجاج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نوجوانوں نے تحریک جاری رکھی ہے۔ مارچ نکل کر رہے گا اور اگر اس میں سونم کی شرکت نہ ہوسکی تو میں ان کی نمائندگی کروں گی اور پیر کے دن مارچ کی قیادت کروں گی۔