حیدرآباد

پرانے شہر میں 17 سالہ نوجوان کا بہیمانہ قتل، نامعلوم افراد نے ڈنڈوں سے پیٹ کر جان لے لی

ابتدائی تحقیقات کے مطابق رات تقریباً بارہ بجے کے بعد محمد فیض کو چند نامعلوم افراد کی جانب سے فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد وہ ان سے ملنے کے لیے گھر سے نکلا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ ٹیکڑی کے علاقے میں پہلے سے موجود افراد نے اس پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانے شہر کے کالا پتھر علاقے میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک دل دہلا دینے والا قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں 17 سالہ نوجوان محمد فیض عرف اذان کو نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے حملہ کرکے قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول محمد فیض، عرف اذان، کالا پتھر کا رہائشی تھا اور اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مقیم تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق رات تقریباً بارہ بجے کے بعد محمد فیض کو چند نامعلوم افراد کی جانب سے فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد وہ ان سے ملنے کے لیے گھر سے نکلا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ ٹیکڑی کے علاقے میں پہلے سے موجود افراد نے اس پر ڈنڈوں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

اطلاع ملتے ہی کالا پتھر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس سلسلے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جائے وقوعہ اور اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر شواہد بھی جمع کیے جا رہے ہیں۔

پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔