تلنگانہ

تلنگانہ میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان

حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل بھی متاثرہ اضلاع میں شامل، 30 تا 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان

حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 18 اضلاع کے لیے موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آسمانی بجلی کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے اور 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ موسمی انتباہ میں حیدرآباد، میڑچل۔ملکاجگیری اور رنگاریڈی اضلاع بھی شامل ہیں۔

متاثرہ علاقوں کے عوام کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ اچانک بارش، آسمانی بجلی اور تیز ہواؤں کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔

عوام کو ہدایت دی گئی ہے کہ گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے کھڑے ہونے، کھلے مقامات پر رہنے اور برقی کھمبوں کے قریب پناہ لینے سے گریز کریں۔ اسی طرح گاڑی چلانے والوں کو بارش اور تیز ہواؤں کے دوران احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔