ہمیں سارے ملک میں بڑی لڑائی لڑنی ہے، وائناڈ میں پرینکا گاندھی کا خطاب
انہوں نے اپنے بھائی و قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کے ساتھ مشترکہ جلسہ عام سے خطاب میں وائناڈ لینڈ سلائیڈ کے حوالہ سے مرکز کی برسراقتدار جماعت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔
کوہیکوڈ(کیرالا): کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے جو پہاڑی حلقہ وائناڈ سے اپنی پہلی انتخابی جیت کے بعد کیرالا کے 2 روزہ دورہ پر آئی ہوئی ہیں‘ ہفتہ کے دن کہا کہ بی جے پی اپنے سیاسی حملوں میں کسی قاعدہ قانون یا جمہوری اصولوں پر عمل نہیں کرتی۔
انہوں نے اپنے بھائی و قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کے ساتھ مشترکہ جلسہ عام سے خطاب میں وائناڈ لینڈ سلائیڈ کے حوالہ سے مرکز کی برسراقتدار جماعت کو نشانہ ئ تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ادارے تباہ کئے جارہے ہیں جس سے انتخابی عمل پر سے عوام کا بھروسہ اٹھتا جارہا ہے۔
بعدازاں ضلع ملاپورم کے حلقہ اسمبلی نیلمبور میں استقبالیہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم بی جے پی کے خلاف لڑرہے ہیں جس کے پاس کوئی قاعدہ قانون نہیں‘ جمہوریت اور دستور کا احترام نہیں۔ بی جے پی کے پاس منفی اور تخریبی ایجنڈہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک ہفتہ سے پارلیمنٹ نہیں چل رہی ہے کیونکہ بی جے پی اُن مسائل پر بحث سے ڈری ہوئی ہے جو کانگریس زیرقیادت اپوزیشن اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ اور ملک بھر میں بڑی لڑائی لڑنی ہے۔ ہم اپنے دستور کو بچانے کی لڑائی لڑرہے ہیں۔ آزادانہ‘ متوازن اور مضبوط عدلیہ کی ضرورت ہے جو دباؤ میں نہ آئے۔
پرینکا نے حلقہ وائناڈ کے لوگوں کو تیقن دیا کہ وہ ان کے لئے پارلیمنٹ میں ہیں اور وہاں ان کی آواز اٹھائیں گی۔ وہ حلقہ کے عوام کے بہتر مستقبل کے لئے کام کریں گی۔ وائناڈ حلقہ 7 اسمبلی حلقوں پر مشتمل ہے اورپرینکا گاندھی نے یہاں سے اپنی انتخابی سیاست کا آغاز کیا۔ انہوں نے یہاں سے 4 لاکھ 10 ہزار 931 ووٹ حاصل کرتے ہوئے شاندار جیت درج کرائی۔ انہوں نے اپنے بھائی راہول گاندھی سے زیادہ ووٹ لئے۔