دہلی

ویلز فارگو نے شنکر مشرا کیخلاف کردی زبردست کارروائی

ذرائع نے بتایا کہ پولیس، ممبئی میں مشرا کے گھر گئی تھی لیکن وہ وہاں نہیں تھا۔ تاہم انہیں سراغ مل گئے ہیں اور وہ اسے جلد سے جلد گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

نئی دہلی: شنکر مشرا، جس پر گزشتہ سال نومبر میں نیویارک-نئی دہلی فلائٹ میں ایک معمر خاتون ساتھی مسافر پر پیشاب کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، کو اس کی کمپنی ویلز فارگو نے برطرف کر دیا ہے۔ یہ ایک امریکی ملٹی نیشنل فینانشیل سرویسس کمپنی ہے جس کا کارپوریٹ ہیڈکوارٹر سان فرانسسکو میں ہے۔

شنکر مشرا، امریکی کمپنی کے انڈیا چیپٹر کا وائس پریسیڈنٹ تھا۔

کمپنی نے آج جاری کردہ بیان میں کہا کہ ویلز فارگو ملازمین کو پیشہ ورانہ اور ذاتی برتاؤ کے اعلیٰ معیارات پر انہیں ملازم رکھتا ہے اور ہمیں یہ الزامات بہت پریشان کن معلوم ہوتے ہیں۔ اس شخص کو ویلز فارگو سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور خواہش کی گئی ہے کہ کسی بھی اضافی انکوائری کی بابت ہمیں فوری مطلع کیا جائے، ہم تعاون کریں گے۔

دریں اثنا، دہلی پولیس کی دو ٹیمیں شنکر مشرا کی تلاش میں ہیں، جو گرفتاری سے بچنے کے لئے مسلسل اپنا مقام بدل رہا ہے۔ دہلی پولیس کی ٹیموں نے ممبئی اور بنگلورو میں چھاپے بھی مارے ہیں۔ وہاں انہوں نے ملزم کے رشتہ داروں سمیت مختلف لوگوں سے پوچھ گچھ بھی کی۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس، ممبئی میں مشرا کے گھر گئی تھی لیکن وہ وہاں نہیں تھا۔ تاہم انہیں سراغ مل گئے ہیں اور وہ اسے جلد سے جلد گرفتار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دہلی پولیس نے مشرا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 510 (شرابی شخص کی عوام میں بدتمیزی)، 509 (عورت کی توہین)، 294 (کسی بھی عوامی مقام پر یا اس کے آس پاس کوئی فحش گانا گانا، پڑھنا یا بولنا یا حرکت کرنا) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

اس کےعلاوہ 354 (کسی کی عصمت کی توہین کرنا) کے ساتھ ساتھ آئی جی آئی ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس میں ایئر کرافٹ رولز ایکٹ کے تحت بھی اس پر مقدمہ درج کیا جاچکا ہے۔