ریاض میں مغربی اور عرب وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع
سینئر مغربی اور عرب عہدیداروں کی آئندہ ہفتہ ریاض میں ملاقات متوقع ہے جس میں غزہ پٹی میں مہینوں سے جاری جنگ پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ریاض: سینئر مغربی اور عرب عہدیداروں کی آئندہ ہفتہ ریاض میں ملاقات متوقع ہے جس میں غزہ پٹی میں مہینوں سے جاری جنگ پر تبادلہ خیال ہوگا۔
یہ ملاقات ایک معاشی فورم کے حاشیہ پر ہوگی۔ سفارتی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ سعودی عرب‘مصر‘قطر‘متحدہ عرب امارات اور اردن کے وزرائے خارجہ پیر کے دن ریاض میں اپنے امریکی جرمن‘برطانوی‘ فرنچ اور اطالوی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔
فلسطینی عہدیدار اعلیٰ مغربی سفارتکاروں کے ساتھ بات چیت میں حصہ نہیں لیں گے۔ مصر کے وزیرخارجہ سامع شکری ہفتہ کے دن ریاض روانہ ہوئے۔ قاہرہ ایرپورٹ ذرائع نے یہ بات بتائی۔
سعودی عرب اتوار اور پیر کے دن ریاض میں انٹرنیشنل اکنامک فورم کی میزبانی کررہا ہے۔ بین الاقوامی سطح کی یہ بات چیت اس خوف اور اندیشہ کے بیچ ہورہی ہے کہ اسرائیل غزہ کے شہر رفح پر حملہ کرنے والا ہے۔
حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ہفتہ کے دن بتایاکہ حماس‘ اسرائیل کی ایک تجویز کا جائزہ لے رہی ہے۔ غزہ میں حماس کے سیاسی شعبہ کے نائب صدر خلیل الحیہ نے ٹیلی گرام پرپوسٹ بیان میں کہا کہ ہم‘ تجویز کا جائزہ لیں گے۔