لوک سبھا انتخابات کے اگزٹ پول کب جاری ہوں گے؟
دراصل ایگزٹ پول ایک طرح کا انتخابی سروے ہے۔ ووٹنگ کے دن جب ووٹر ووٹ ڈالنے کے بعد پولنگ بوتھ سے باہر آتا ہے تو مختلف سروے ایجنسیوں اور نیوز چینلز کے لوگ وہاں موجود ہوتے ہیں۔

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات 2024 کے ساتویں اور آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ یکم جون کو ہے۔ ووٹنگ کا عمل ختم ہوتے ہی لوگوں کی توجہ نتائج پر مرکوز ہو جائے گی۔ 543 میں سے 542 نشستوں کے نتائج کا اعلان 4 جون کو کیا جائے گا۔ وہیں گجرات کی سورت سیٹ سے بی جے پی امیدوار مکیش دلال پہلے ہی بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔
نتائج سے پہلے یکم جون کی شام کو مختلف میڈیا چینلز اور سروے ایجنسیوں کے ذریعہ ایگزٹ پول جاری کیے جائیں گے۔ ملک میں کون سی پارٹی حکومت بنا سکتی ہے؟ کس پارٹی کو کتنی سیٹیں مل سکتی ہیں؟ اس کا اندازہ اس پول کے ذریعہ لگایا جائے گا۔
ایگزٹ پول کیا ہے؟
دراصل ایگزٹ پول ایک طرح کا انتخابی سروے ہے۔ ووٹنگ کے دن جب ووٹر ووٹ ڈالنے کے بعد پولنگ بوتھ سے باہر آتا ہے تو مختلف سروے ایجنسیوں اور نیوز چینلز کے لوگ وہاں موجود ہوتے ہیں۔ وہ ووٹر سے ووٹنگ کے حوالے سے سوالات کرتے ہیں ۔
اس میں ان سے پوچھا جاتا ہے کہ انہوں نے کس کو ووٹ دیا ہے؟ اس طرح ہر اسمبلی یا لوک سبھا کے مختلف پولنگ بوتھ سے ووٹروں سے سوالات پوچھے جاتے ہیں۔ ووٹنگ ختم ہونے تک ایسے سوالات پر بڑی تعداد میں ڈیٹا اکٹھا ہو جاتا ہے۔
ان اعداد و شمار کو جمع کرکے اور ان کے جوابات کے مطابق اندازہ لگایا جاتا ہے کہ عوامی مزاج کس طرف ہے۔ ریاضی کے ماڈل کی بنیاد پر یہ حساب لگایا جاتا ہے کہ کون سی جماعت کتنی سیٹیں حاصل کر سکتی ہے؟ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد ہی اسے نشر کیا جاتا ہے۔
ایگزٹ پول کون جاری کرتا ہے؟
سروے ایجنسیاں یا نیوز چینل ایگزٹ پول کراتے ہیں۔ ووٹنگ کے فوراً بعد ایگزٹ پول کرایا جاتا ہے جس میں صرف ووٹرز کو ہی شامل کیا جاتا ہے۔ ایگزٹ پول میں صرف وہی لوگ شامل ہیں جو ووٹ ڈالنے کے بعد باہر آتے ہیں۔ ایگزٹ پول فیصلہ کن مرحل میں ہوتا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام نے کس پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
اس بار ایگزٹ پول کب جاری ہوں گے؟
ایگزٹ پولس یکم جون کو ساتویں مرحلہ کی ووٹنگ ختم ہونے کے بعد دکھائے جائیں گے۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے بتایا تھا کہ 19 اپریل 2024 کی صبح 7 بجے سے یکم جون 2024 کی شام 6.30 بجے تک ایگزٹ پول پر پابندی ہوگی۔ یعنی یکم جون شام 6.30 بجے کے بعد ہی ایگزٹ پول جاری کیے جائیں گے۔
لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات بھی ہو رہے ہیں۔ ان میں آندھرا پردیش، اڈیشہ، اروناچل پردیش اور سکم شامل ہیں۔ ان ریاستوں کے ایگزٹ پول بھی یکم جون کو آئیں گے۔ جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں سکم اور اروناچل پردیش میں پہلے ہی ووٹنگ ہو چکی ہے۔ دونوں ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج 2 جون کو آئیں گے۔ ساتھ ہی آندھرا پردیش اور اڈیشہ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج 4 جون کو آئیں گے۔