کون اے آر رحمان؟: جب الکا یاگنک نے روجا کے گیت گانے کی پیشکش ٹھکرا دی تھی، آج تک ہے پچھتاوا
اے آر رحمان کے دفتر سے انہیں ایک فون آیا تھا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ان کے لئے روجا نامی فلم میں گانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ وہ اور کمار سانو پورا البم گائیں گے اور یہ اے آر رحمن کے لئے واقعی اعزاز کی بات ہوگی۔

ممبئی: گلوکارہ الکا یاگنک اور کمار سانو اُس وقت انڈسٹری میں نئے نئے آئے موسیقار اے آر رحمان کو فلم روجا کے گیتوں کے لیے پہلی پسند تھے لیکن ان دونوں نے اے آر رحمان کی پیشکش کو یہ کہتے ہوئے چٹکی میں اڑادیا تھا کہ کون اے آر رحمان؟ انھیں اس بات کا کوئی اندازہ نہیں تھا کہ وہ کون ہے؟
پچھلے سال ایک انٹرویو میں الکا نے اس فیصلے کو اپنے کیریئر کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ اے آر رحمان کے دفتر سے انہیں ایک فون آیا تھا جس میں ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ان کے لئے روجا نامی فلم میں گانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ وہ اور کمار سانو پورا البم گائیں گے اور یہ اے آر رحمن کے لئے واقعی اعزاز کی بات ہوگی۔
لیکن الکا کو اندازہ نہیں تھا کہ اے آر رحمان کون ہے۔ انہوں نے کمار سانو سے مشاورت کے بعد ایک فیصلہ کیا جو انتہائی غلط ثابت ہوا۔ الکا کا کہنا ہے کہ رحمان نے اس بات کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا اور بعد میں جب بھی انہیں اے آر رحمان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، وہ یاد دلاتے کہ انہوں نے ان کے لئے روجا کے گیت گانے سے انکار کردیا تھا۔
الکا نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ میں نے کمار سانو کو فون کیا۔ میں نے ان سے پوچھا، کیا تمہیں کسی اے آر رحمان کا فون آیا تھا؟ انہوں نے جواب دیا، ہاں، ہاں، مجھے ایک فون آیا اور وہ چاہتے ہیں کہ میں بھی آؤں اور تمام میل گانے میں ہی گاؤں۔ تو میں نے پوچھا تو کیا تم جا رہے ہو؟’ کمار سانو نے جواب دیا کہ نہیں، کون جائے گا، میں تو نہیں جاؤں گا، کون اے آر رحمان؟
پھر میں نے کہا میں نے تو اے آر رحمان کے بارے میں نہیں سنا، پتہ نہیں کون ہے؟ یہ بہت اچھا نہیں ہوا۔ ہم میں سے کوئی نہیں گیا۔ میں نے انکار کر دیا اور کہا معاف کیجئے گا میں نہیں آسکتی۔
اور پھر جب روجا کے گانے ریلیز ہوئے تو ان کی موسیقی سننے کے فوراً بعد الکا کو اپنے فیصلے پر افسوس ہوا۔ جب میں نے روجا کے گانے سنے تو اپنا سر دیوار سے ٹکرالیا تھا، کیونکہ یہ بہت بڑا نقصان تھا۔
الکا نے بتایا کہ یہ پہلی بار تھا جب انہوں نے ریڈیو پر ان کی کمپوزیشن سنی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بہت خوبصورت گانے تھے اور یہ وہ چیز ہے جس کا مجھے آج تک افسوس ہے۔ میں ان گانوں سے محروم رہ گئی۔
پھر جب میں نے بعد میں رحمان کے لئے کام کیا تو انہوں نے مجھے دیکھ کر پہلی بات جو کہی وہ یہ تھی کہ تم نے میری فلم روجا کے گانے نہیں گائے۔ آپ کا انکار مجھے بہت برا لگا تھا۔
واضح رہے کہ اے آر رحمان نے بطور میوزک کمپوزر روجا سے ڈیبیو کیا تھا جس کی ہدایت کاری منی رتنم نے کی تھی۔
اس فلم کے ساؤنڈ ٹریک کو ہندوستانی سنیما کا ایک کلاسک ساؤنڈ ٹریک سمجھا جاتا ہے اور یہاں سے رحمان کے شاندار کیریئر کا آغاز ہوا تھا۔ بعد میں اے آر رحمان نے قومی ایوارڈز، دو آسکر، ایک بافٹا اور دو گرامیز ایوارڈ جیتے اور آج ہندوستان میں اے آر رحمان کے پلے کا ایک بھی موسیقار نہیں ہے۔ وہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ہیں۔
الکا یاگنک نے بعد میں رحمان کے لئے تال سے تال ملاؤ اور رمتا جوگی جیسے گانے گائے۔