قومیسوشیل میڈیا

کون ہیں ڈی ایس پی رِشیکا سنگھ؟ خاتون کے پاؤں دباتی ویڈیو وائرل

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاندھے پر کانوڑ لٹکائے ہوئے لمبے سفر کے بعد تھکی ہاری خاتون یاتری کے پاؤں دبانے میں رِشیکا سنگھ مصروف ہیں۔ ان کے چہرے پر خدمت کا جذبہ نمایاں ہے اور اس انسانی خدمت کو دیکھ کر انٹرنیٹ پر لوگ دل کھول کر ان کی تعریف کر رہے ہیں۔

نئی دہلی: اترپردیش کے مظفرنگر سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک خاتون پولیس آفیسر، خاتون کانوڑیوں کے پاؤں دباتی نظر آرہی ہیں۔ ویڈیو میں نظر آنے والی یہ خاتون پولیس آفیسر ڈی ایس پی رِشیکا سنگھ ہیں، جو مظفرنگر کے فگانا سرکل میں سی او (سرکل آفیسر) کے عہدے پر تعینات ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کاندھے پر کانوڑ لٹکائے ہوئے لمبے سفر کے بعد تھکی ہاری خاتون یاتری کے پاؤں دبانے میں رِشیکا سنگھ مصروف ہیں۔ ان کے چہرے پر خدمت کا جذبہ نمایاں ہے اور اس انسانی خدمت کو دیکھ کر انٹرنیٹ پر لوگ دل کھول کر ان کی تعریف کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جہاں عام صارفین ان کے اس جذبہ کو سلام پیش کر رہے ہیں، وہیں اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بھی ان کی سراہنا کی ہے۔

رِشیکا سنگھ اس وقت ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز ہیں اور یوپی پولیس سروس (UPPSC PCS) کے ذریعہ پولیس میں آئی ہیں۔ انہوں نے 2022 میں یوپی پی سی ایس کا امتحان پاس کیا تھا جس میں انہوں نے 80واں رینک حاصل کیا۔ مظفرنگر میں جاری کانوڑ یاترا کے دوران، پولیس کی تعیناتی سخت اور تھکا دینے والی ہوتی ہے، بالخصوص خواتین افسران کے لئے لیکن رِشیکا نہ صرف اپنی ڈیوٹی بخوبی انجام دے رہی ہیں بلکہ ساتھ ہی یاتریوں کی خدمت میں بھی پیش پیش ہیں۔

رِشیکا سنگھ نے نہ صرف تھکی ہوئی خاتون یاتری کے پاؤں دبائے بلکہ یاتریوں کو دوا اور دیگر ضروری سہولتیں بھی فراہم کیں۔ واضح رہے کہ کانوڑ یاترا ساون کے مقدس مہینہ میں نکالی جاتی ہے جس میں لاکھوں شیو بھکت شامل ہوتے ہیں۔ یہ بھکت گنگا سے مقدس پانی لا کر اپنے مقامی مندروں میں شیو جی کو چڑھاتے ہیں۔

رِشیکا سنگھ کی یہ ویڈیو دل چھو لینے والی قرار دی جا رہی ہے۔ ہر طرف ان کی انسانیت نوازی اور خدمت کے جذبہ کی تعریف ہو رہی ہے۔