انٹرٹینمنٹ

سینئر اداکارہ وینا کپور کے بیٹے نے اپنی ماں کا قتل کیوں کیا؟

سچن، جوہو میں پیشے سے ایک ٹیوٹر ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اپنی ماں سے ناراض رہتا تھا کیونکہ دونوں کے تعلقات ہمیشہ سرد رہے ہیں۔ اس نے بتایا کہ اس کی ماں ہمیشہ اسے منحوس کہتی تھی۔

ممبئی: سینئر اداکارہ وینا کپور کے بیٹے سچن کپور نے جس نے 6 دسمبر کو اپنی ماں کو بے دردی سے قتل کر دیا تھا، انکشاف کیا کہ اس کے اور اس کی والدہ کے درمیان آخر کیا چل رہا تھا کہ اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی ماں کا قتل کردیا۔

سچن، جوہو میں پیشے سے ایک ٹیوٹر ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ بچپن سے ہی اپنی ماں سے ناراض رہتا تھا کیونکہ دونوں کے تعلقات ہمیشہ سرد رہے ہیں۔ اس نے بتایا کہ اس کی ماں ہمیشہ اسے منحوس کہتی تھی۔

سچن نے مزید بتایا کہ اس کی ماں وینا اسے ہمیشہ منحسوس سمجھتی رہی کیونکہ جس دن اس کی پیدائش ہوئی تھی، اس دن اس کے والد کو بزنس میں بہت بڑا نقصان ہوا تھا۔

پوچھ گچھ میں سچن نے انکشاف کیا کہ بیٹے اور ماں کے درمیان کبھی اچھے تعلقات نہیں رہے اور وینا نے ہمیشہ اپنے بڑے بیٹے کو اس پر ترجیح دی۔ اس نے اعتراف کیا کہ اس کے ساتھ ہمیشہ سوتیلے بیٹے جیسا سلوک کیا گیا اور ماں کے خلاف اس کے دل میں نفرت بچپن سے ہی بڑھ رہی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق سچن نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ اگرچہ گرما گرم بحث اور تلخ بات چیت کے نتیجہ میں اس نے اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کیا، لیکن اس کی ماں کے خلاف اس کا غصہ کچھ ایسا تھا جو بچپن سے ہی بڑھتا چلا آ رہا تھا۔

سچن سے بات کرنے والے پولیس افسر نے کہا کہ اسے اس قتل پر افسوس ہے، لیکن سچن کو ہمیشہ یہ خدشہ لاحق تھا کہ جلد یا بہ دیر اس کے ہاتھوں ماں کا قتل ہوگا۔ آخر کار برسوں کے ڈپریشن اور تناؤ کے نتیجہ میں اس نے اپنی ماں کو مارڈالا۔

پوچھ گچھ کے دوران پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا کہ اس کے گھریلو ملازم چھوٹو عرف لال کمار منڈل نے وینا کی لاش کو ٹھکانے لگانے میں سچن کی مدد کی تھی۔ اس نے وینا کپور کے خون کے دھبے فرش اور گھر کے دیگر حصوں سے صاف کئے تھے۔

یہ بھی پتہ چلا ہے کہ سچن نے ساتویں منزل کے فلیٹ کے اندر لگے 13 سی سی ٹی وی کیمرے بھی ہٹا دیئے تھے اور انہیں متھیرن گھاٹی میں ماں کی لاش کے ساتھ پھینک دیا تھا۔

قتل کی خبر اس وقت سامنے آئی جب سچن کے بڑے بھائی نیوین کو جو امریکہ میں رہتا ہے، اپنی ماں کی خیریت کے بارے میں شک ہوا۔

چونکہ نیوین اور وینا ہر روز ایک دوسرے سے بات کرتے تھے، اس لئے جب 6 دسمبر کو وینا نے اس کی فون کالز کا جواب نہیں دیا، تو اسے کچھ گڑبڑ کا شبہ ہوا۔ نیوین نے پھر اپنے بھائی سچن کو فون کیا، لیکن اس نے بھی کوئی جواب نہیں دیا۔

نیوین نے پھر جوہو پولیس کو آگاہ کیا اور ان سے اس کے گھر جاکر اپنی ماں کی خیریت دریافت کرنے کی درخواست کی۔ پولیس رات 11 بجے جوہو میں واقع کلپاتارو سولیٹیئر اپارٹمنٹس میں واقع وینا کے فلیٹ پہنچی اور دیکھا کہ فلیٹ مقفل ہے۔

سیکیورٹی گارڈ نے پولیس کو بتایا کہ اس نے سچن اور اس کے گھریلو ملازم کو پلاسٹک کی چادر میں لپٹی ہوئی کوئی چیز لے جاتے ہوئے دیکھا ہے۔ موبائل ٹاور کی لوکیشن چیک کرنے پر پولیس کو پتہ چلا کہ وینا کا فون فلیٹ میں ہی تھا، جب کہ سچن کا فون پنویل میں کہیں تھا۔ پولیس نے فائر بریگیڈ کی ٹیم کی مدد سے دروازہ توڑ ڈالا۔

پولیس والوں نے فلیٹ کے دوسرے سی سی ٹی وی کو بھی چیک کیا اور دیکھا کہ سچن اور چھوٹو وہیل چیئر پر کوئی بھاری چیز اپنی کار کی طرف لے جارہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دونوں کو گرفتار کر لیا گیا اور پوچھ تاچھ کے بعد وینا کپور کی لاش کو متھیرن گھاٹی سے بازیاب کرلیا گیا۔ پولیس نے قتل میں استعمال ہونے والا بیس بال بیٹ بھی برآمد کر لیا ہے۔

قتل کے دن سچن، صبح 6-7 بجے ممبئی کے جوہو علاقے میں واقع اپنی ماں وینا کپور کے گھر پہنچا۔ بیٹے اور ماں کے درمیان کسی بات پر گرما گرم بحث ہوئی جس کے بعد سچن نے غصے میں آکر بیس بال کے بلے سے وینا کا سر اڑا دیا۔ اس نے تقریباً 40 مرتبہ بیٹ سے اپنی کو اتنی بری طرح مارا کہ وہ وہیں ڈھیر ہوگئی۔

سچن نے چھوٹو کی مدد سے فلیٹ سے تقریباً 90 کلومیٹر دور لاش کو ٹھکانے لگادیا۔ مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں متیھرن کے قریب ایک ندی میں لاش پھینکی گئی۔

وینا کپور ایک ٹیلی ویژن اداکارہ تھی جس نے اجونی، بندھن پھیروں کے، میری بھابھی، دل: دی گینگ وغیرہ جیسے متعدد ڈیلی سوپس میں کام کیا تھا۔ وینا کپور نے سال 2000 میں ٹیلی ویژن کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

a3w
a3w