ہنستی مسکراتی فلسطینی بچی کیوں مرنا چاہتی ہے؟
ویڈیوجس نے دنیا بھر کے درد مند دلوں کو رلا دیا
غزہ : غزہ کی ایک ہنستی مسکراتی فلسطینی بچی کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس نے دنیا بھر کے درد مند دلوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
الجزیرہ کی جانب سے جاری ایک ویڈیو میں ایک چھوٹی بچی سے ویڈیو بنانے والا سوال کر رہا ہے، فلسطینی بچی اگرچہ ہنستے ہوئے جوابات دے رہی ہے لیکن وہ کہتی ہے کہ وہ مرنا چاہتی ہے۔
لڑکی بھاگ کر آتی ہے تو ویڈیو بنانے والا رمی ابو سعدہ اسے دعا دیتا ہے کہ اللہ آپ کی مدد کرے، تو لڑکی نے جواب دیا ”اللہ آپ کی مدد کرے، میری نہیں۔”
وہ پوچھتا ہے کہ کیوں اور پھر پوچھتا ہے کہ اس نے خدا سے کیا مانگا؟ فلسطینی بچی نے جواب دیا موت۔ ویڈیو بنانے والے نے پوچھا کہ وہ کیوں مرنا چاہتی ہے، تو اس نے جواب میں کہا ”تاکہ میں آرام کرسکوں۔”
ویڈیو بنانے والے پھر پوچھا کس سے؟ لڑکی نے جواب دیا ”دنیا سے، طوفانوں، سیلابوں اور ہر چیز سے۔” اگرچہ لڑکی ہنس کر جواب دے رہی ہے لیکن غزہ کی ہول ناک صورت حال نے اور جنگ نے متاثرہ بچی کی نفسیاتی حالت کی عکاسی ہوتی ہے کہ اس کا صبر اب جواب دے چکا ہے۔ اور اسرائیلی مظالم اور موسمی حالات سے تنگ فلسطینی بچے اب اس دنیا سے نجات حاصل کرنے کی تمنا کر رہے ہیں