حیدرآباد

تین مارملنا کے دفتر پر نامعلوم افراد کا حملہ

نامعلوم افراد نے اتوار کے روز ’کیو نیوز‘ کے دفتر جو ایک یوٹیوب چیانل ہے، جسے چنتا پنڈو نوین عرف تین مار ملنا چلاتے ہیں، پر حملہ کردیا۔

حیدرآباد: نامعلوم افراد نے اتوار کے روز ’کیو نیوز‘ کے دفتر جو ایک یوٹیوب چیانل ہے، جسے چنتا پنڈو نوین عرف تین مار ملنا چلاتے ہیں، پر حملہ کردیا۔

ضلع میڑچل ملکاجگری میں میڈی پلی پولیس اسٹیشن کے تحت پیرزادی گوڑہ میں آج یہ واقعہ پیش آیا۔ نامعلوم افراد کیو نیوز کے دفتر میں داخل ہوئے اور فرار ہونے سے قبل دفتر کے فرنیچرس اور کمپیوٹرس کی توڑ پھوڑ کی۔ حملہ کے وقت تین مار ملنا، دفتر میں موجود نہیں تھے۔

اتوار کی تعطیل کے سبب آفس میں صرف چند اسٹاف ارکان موجود تھے۔ اس حملہ کے بعد چیانل کے ملازمین اور ا ن کے حامی احتجاج کیلئے سڑک پر نکل پڑے۔ حملہ اور اس کے ساتھ احتجاج سے اس علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد فوری پولیس وہاں پہنچی اورحملہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ پولیس نے احتجاج کو رکوادیا۔ ملنا نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے 25 غنڈوں نے ان کے دفتر پر حملہ کیا ہے۔

اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ دفتر پر حملہ دراصل انہیں ہلاک کرنے کی سازش تھی۔اُنہوں نے کہاکہ ان کا پولیس پر کوئی بھروسہ نہیں ہے کہ پولیس انہیں تحفظ کرے گی۔ ملنا، جو خود کو صحافی کہتے ہیں، بی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کے سخت ناقد ہیں۔

دسمبر 2021 میں انہیں اس وقت شہرت ملی تھی جبکہ اُنہوں نے کونسل کے حلقہ گریجویٹ نلگنڈہ۔ورنگل۔ کھمم کی نشست سے الیکشن لڑا تھا اور ملنا نے بی آر ایس امیدوار پلے راجیشور ریڈی کو سخت مقابلہ دیا تھا اور وہ دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ جیل سے رہائی کے فوری بعد وہ دسمبر 2021 میں بی جے پی میں شامل ہوگئے تھے۔

تین مار ملنا مختلف الزامات کے تحت 73 دنوں تک جیل میں بند تھے۔ پانچ ماہ کے بعد انہوں نے بی جے پی چھوڑدی اور اپنی ایک علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کا ا علان کیا جس کا نام 7200 مومنٹ رکھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ موومنٹ کا مقصد سیاست سے گندگی کو صاف کرنا ہے۔