جرائم و حادثات

عاشق کی مدد سے بیوی نے شوہر کا قتل کرنے کے بعد آہنی سلاخ اور پتھر سے سر کچل دیا گیا

آندھرا پردیش کے چتور ضلع میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے پہلے شوہر کے کھانے میں نیند کی گولیاں ملائیں اور اس کے بے ہوش ہونے کے بعد آہنی سلاخ اور پتھر سے اس کے سر پر وار کرکے قتل کردیا۔

چتور: آندھرا پردیش کے چتور ضلع میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے پہلے شوہر کے کھانے میں نیند کی گولیاں ملائیں اور اس کے بے ہوش ہونے کے بعد آہنی سلاخ اور پتھر سے اس کے سر پر وار کرکے قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق اوما دیوی (42) اور اس کے شوہر مگینینی وینکٹا سبرامنیم چتور ضلع کے پیلیر کے ڈی آئی ایس ایچ کالونی کے رہنے والے تھے اور ان کا ایک بیٹا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اوما دیوی کے تروپتی ضلع کے چندراگیری منڈل سے تعلق رکھنے والے چارا سبرامنیم (32) کے ساتھ مبینہ طور پر ناجائز تعلقات تھے۔ اس معاملے کو لے کر میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔ پولیس کے مطابق اوما دیوی نے مبینہ طور پر شوہر کو راستے سے ہٹانے کی سازش تیار کی۔

8 اگست کو اوما دیوی نے مبینہ طور پر شوہر کے کھانے میں نیند کی گولیاں ملا دیں۔ سبرامنیم کے گہری نیند میں جانے کے بعد اوما دیوی نے اپنے مبینہ عاشق کے ساتھ مل کر آہنی سلاخ اور پتھر سے اس کے سر پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔

پولیس کے مطابق اسی رات تقریباً 2:30 بجے دونوں نے لاش کو موٹر سائیکل پر لے جاکر مدن پلی۔ تروپتی قومی شاہراہ پر پھینک دیا اور اسے سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔

دوسری جانب مقتول کے والد نے اپنے بیٹے کی موت پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور پوچھ تاچھ کے دوران اوما دیوی نے مبینہ طور پر شوہر کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے اپنے عاشق کی مدد سے واردات انجام دی۔

پولیس نے اوما دیوی اور چارا سبرامنیم دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دونوں کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔