کرناٹکسوشیل میڈیا

خاتون کی آٹو ڈرائیور پر چپلوں کی بارش، بعد میں پیر چھوکر مانگی معافی

بنگلور ایک بار پھر سرخیوں میں ہے، جہاں ایک غیر معمولی واقعہ نے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ پورے ملک کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں ایک خاتون کو ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو سرِعام چپلوں سے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بنگلور– بنگلور ایک بار پھر سرخیوں میں ہے، جہاں ایک غیر معمولی واقعہ نے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ پورے ملک کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں ایک خاتون کو ایک آٹو رکشہ ڈرائیور کو سرِعام چپلوں سے مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واقعہ اتوار کے دن دوپہر تقریباً 3 بجے بنگلور میں واقع سینٹرو مال کے قریب پیش آیا۔ ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کی شناخت پکھوری مشرا کے طور پر ہوئی ہے، جن کی عمر 28 سال ہے اور وہ ریاست بہار سے تعلق رکھتی ہیں۔ ویڈیو میں پکھوری کو غصے میں آٹو ڈرائیور لوکیش پر چپلوں کی بارش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں خاتون کو ہندی میں کہتے سنا گیا "یہ بدتمیزی کر رہا ہے، میرا پاؤں کچلا اور اس کے بعد ویڈیو بنا رہا ہے۔”

جبکہ دوسری طرف، آٹو ڈرائیور لوکیش کا کہنا ہے کہ وہ ویڈیو اس لیے بنانے لگا کیونکہ پکھوری کنڑ زبان کی بجائے ہندی میں جھگڑ رہی تھیں اور معاملہ بگڑتا جا رہا تھا۔

اطلاعات کے مطابق، یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب پکھوری اور ان کے شوہر، جو ایک دو پہیہ گاڑی پر سوار تھے، لین بدلتے وقت آٹو رکشہ سے ٹکرا گئے۔ اس کے بعد دونوں میں تکرار شروع ہو گئی جو بعد میں ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ خاتون کا رویہ نہایت جارحانہ تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

آٹو ڈرائیور لوکیش کی شکایت پر بنگلور پولیس نے پکھوری مشرا کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ ان پر بلاوجہ حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اور عوامی دباؤ کے تحت، پکھوری مشرا اور ان کے شوہر نے ایک نیا ویڈیو جاری کیا جس میں انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی اور لوکیش سے معافی مانگی۔

پکھوری نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ وہ حاملہ ہیں اور اس وقت خوفزدہ ہو گئیں تھیں، کیونکہ آٹو ان کے بہت قریب آ گیا تھا جس سے وہ گھبرا گئیں۔ انہوں نے کہاکی "ہمیں بنگلور سے محبت ہے، ہم یہاں کے لوگوں اور ثقافت کو دل سے چاہتے ہیں۔”

اس واقعہ پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے پکھوری کے تشدد آمیز رویہ کی سخت مذمت کی اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

ایک صارف نے لکھا "حمل کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کسی کو مارنے کا حق رکھتے ہیں۔” جبکہ دوسرے نے کہا "غلطی کریں اور پھر معافی مانگ لیں – یہ رویہ اب عام ہوتا جا رہا ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہئے۔”