دہلی

مارگریٹ الوا‘ اپوزیشن کی نائب صدارتی امیدوار

مارگریٹ الوا جملہ 19جماعتوں کی مشترکہ امیدوار ہوں گی۔ شردپوار نے کہا کہ ہم ممتابنرجی اور اروندکجریوال سے ربط پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔ پچھلی مرتبہ ان دونوں نے ہمارے مشترکہ امیدوار کی تائید کی تھی۔

نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں نے اتوار کے دن فیصلہ کیا کہ سابق گورنر راجستھان مارگریٹ الوا کو نائب صدرجمہوریہ کے الیکشن کیلئے اپنی مشترکہ امیدوار بنایاجائے۔ 80 سالہ مارگریٹ الوا منگل 19جولائی کو اپنے کاغذات نامزدگی داخل کریں گی۔ 19جولائی نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔

الیکشن 6اگست کو ہوگا۔ این ڈی اے نے گورنر مغربی بنگال جگدیپ دھنکر کو اپنا مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔ این سی پی سربراہ شردپوار کے بنگلہ میں 17 جماعتوں کے اپوزیشن قائدین کی میٹنگ میں مارگریٹ الوا کو میدان میں اتارنے کافیصلہ کیاگیا۔

 دوگھنٹہ طویل اجلاس کے بعد شردپوار نے اعلان کیا کہ ہم نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ مارگریٹ الوا کو نائب صدرجمہوریہ کے عہدہ کیلئے اپنا مشترکہ امیدوار بنایاجائے۔ ہماری مجموعی سوچ ہے کہ مارگریٹ الوا منگل کے دن نائب صدارتی الیکشن کیلئے اپنی نامزدگی داخل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 17جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا۔

 ترنمول کانگریس اور عام آدمی پارٹی کی تائید بھی حاصل ہے۔ اس طرح مارگریٹ الوا جملہ 19جماعتوں کی مشترکہ امیدوار ہوں گی۔ شردپوار نے کہا کہ ہم ممتابنرجی اور اروندکجریوال سے ربط پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔ پچھلی مرتبہ ان دونوں نے ہمارے مشترکہ امیدوار کی تائید کی تھی۔

 اس الیکشن میں جے ایم ایم تک اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ہے۔ شیوسینا کے سنجے راوت نے کہا کہ ہم سبھی اس الیکشن میں متحد ہیں۔ میٹنگ میں شرکت کرنے والے قائدین میں کانگریس کے ملیکارجن کھڑگے، جئے رام رمیش، سی پی آئی ایم قائد سیتارام یچوری، سی پی آئی کے ڈی راجہ‘بنئے وشوم‘ شیوسینا کے سنجے راوت‘ ٹی آربالو اور تریچی شیوا(ڈی ایم کے)‘رام گوپال یادو(ایس پی)‘وائیکو(ایم ڈی ایم کے) اور کے کیشوراؤ(ٹی آرایس) شامل ہیں۔

 آرجے ڈی کے اے ڈی سنگھ‘آئی یوایم ایل ای ٹی محمد بشیر‘ اور کیرالا کانگریس (ایم) کے جوس کے منی بھی موجود تھے۔ الیکٹورل کالج کے ارکان کی تعداد کے لحاظ سے دیکھاجائے تو برسرِاقتدار این ڈی اے کا پلڑا بھاری ہے۔

 صدارتی الیکشن میں اپوزیشن نے اپنے امیدوار یشونت سنہا کے نام کا اعلان پہلے کردیاتھا۔ این ڈی اے نے دروپدی مرمو کو بعد میں میدان میں اتاراتھا۔ اس بار ہمخیال جماعتوں نے انتظارکیاکہ پہلے این ڈی اے امیدوار کے نام کا اعلان ہوجائے۔