بینک میں 59 کلو سونے کی چوری۔ عوام کے گروی رکھے زیورات غائب
وجیاپور کے ایس پی لکشمن بی. نِمبارگی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سونا بینک میں عوام کی جانب سے گروی رکھوایا گیا تھا، جو زیادہ تر قرضوں کے عوض رکھا گیا تھا۔

وجیاپور (کرناٹک): کرناٹک کے وجیاپور ضلع میں ایک دل دہلا دینے والی چوری کی واردات سامنے آئی ہے۔ مَنگولی کے علاقہ میں واقع کینرا بینک کی ایک برانچ سے 59 کلو سونے کے زیورات چوری ہو گئے ہیں۔ یہ واردات کچھ دن قبل پیش آئی تھی، تاہم تفصیلات اب منظرِ عام پر آئی ہیں۔
وجیاپور کے ایس پی لکشمن بی. نِمبارگی نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سونا بینک میں عوام کی جانب سے گروی رکھوایا گیا تھا، جو زیادہ تر قرضوں کے عوض رکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بینک منیجر نے 26 مئی کو پولیس میں باضابطہ شکایت درج کروائی۔
ایس پی کے مطابق "بینک کے ملازمین نے 23 مئی کی شام بینک کو تالا لگا کر بند کیا۔ 24 اور 25 مئی کو (چوتھے ہفتہ کا ہفتہ اور اتوار ہونے کے باعث) بینک بند تھا۔ 26 مئی کی صبح جب ایک ملازم صفائی کے لیے بینک آیا، تو اس نے دیکھا کہ بینک کے شٹر کا تالا کٹا ہوا ہے۔ فوراً پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس موقع پر پہنچی اور معائنہ کرنے کے بعد واضح ہوا کہ یہ واقعی چوری کا واقعہ ہے۔”
بینک حکام نے تصدیق کی ہے کہ مجموعی طور پر 59 کلو سونا چوری ہوا ہے۔
پولیس نے اس سنجیدہ معاملہ کی فوری تحقیقات کے لیے آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چوری کی یہ واردات 24 اور 25 مئی کی درمیانی راتوں میں انجام دی گئی ہوگی۔
ایس پی نمبارگی نے مزید بتایاکہ "تحقیقات تیزی سے جاری ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ جلد ہی ملزموں کو گرفتار کر کے اس کیس کو حل کر لیا جائے گا۔”