حیدرآباد

قطب الاقطاب حضرت سید شاہ موسیٰ قادری قدس سرہ العزیز کا 229 واں عرس مبارک

عرس تقاریب کا تقدس مآب حضرت مولانا پیر سید شاہ محمد فضل اللہ قادری الموسوی الجیلانی سجادہ نشین و متولی کی نگرانی میں انعقاد عمل میں آئے گا۔

حیدرآباد: جگر گوشہ حضور غوث الاعظم دستگیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ، قطب الاقطاب حضرت سید شاہ موسیٰ قادری قدس سرہ العزیز کے229  ویں سالانہ عرس مبارک کا ہفتہ 20 ذیقعدہ مطابق 10 جون کو آغاز عمل میں آئے گا۔

سہ روزہ (ہفتہ، اتوار اور پیر) عرس تقاریب کا تقدس مآب حضرت مولانا پیر سید شاہ محمد فضل اللہ قادری الموسوی الجیلانی سجادہ نشین و متولی کی نگرانی میں انعقاد عمل میں آئے گا۔

عرس تقاریب کا 20 ذیقعدہ مطابق 10 جون بروز ہفتہ بعد نماز مغرب پرچم کشائی، نیاز کشتی مبارک وہ غسل شریف کے ساتھ آغاز ہوگا۔

نظام العمل کے مطابق 21 ذیقعدہ مطابق 11 جون بروز اتوار بعد نماز عصر محفل قصیدہ بردہ شریف مسجد موسویہ میں منعقد ہوگی۔ بعد نماز مغرب روانگی جلوس صندل مبارک از روضہ بزرگ حضرت سید شاہ پیر شاہ محی الدین ثانی قادری رحمتہ اللہ علیہ تا بارگاہ موسویہ معہ ضربات رفاعیہ پہنچے گا۔

بعد ازاں صندل مالی بدست حضرت سجادہ نشین متولی صاحب انجام دیں گے۔ بعد نماز عشاء محفل قصیدہ بردہ شریف بمقام مرکزی خانقاہ صوفیہ الموسویہ میں منعقد ہوگی۔

22 ذیقعدہ مطابق 12 جون بروز پیر بعد نماز عصر حلقہ ذکر، بعد نماز مغرب محفل چراغاں وہ جلسہ سیرت اولیاء اللہ کا انعقاد عمل میں آئے گا جس کو شہر کے ممتاز علمائے کرام اور مشائخ عظام مخاطب فرمائیں گے۔ جلسہ کی نگرانی حضرت سجادہ نشین و متولی صاحب کریں گے۔

بعد ازاں خانقاہ صوفیہ الموسویہ میں رات بھرمحفل قصیدہ بردہ شریف منعقد ہوگی۔ بعد نماز فجر ختم قرآن ہوگا اور پھر تبرکات تقسیم کئے جائیں گے۔  

پیرزادہ سید شاہ واصف عالم قادری الموسوی نامزد جانشین بارگاہ موسویہ، پیرزادہ سید شاہ مختار عالم قادری الموسوی، ڈاکٹر پیرزادہ سید شاہ تنویر عالم قادری الموسوی شیخ الحلقہ بارگاہ موسویہ اور محمد حمید قادری الفضلی معتمد درگاہ شریف نے تمام عاشقان اولیاء سے شرکت کی خواہش کی ہے۔