کرناٹک

خاتون نے فلپ کارٹ کے خلاف مقدمہ جیت لیا

بنگلورو کی ایک خاتون نے فلپ کارٹ کے خلاف مقدمہ چار سال بعد جیت لیا۔ خاتون نے شامپو کی بوتل کی غلط طریقے سے اضافی قیمت وصول کرنے پر ای کامرس کی کمپنی فلپ کارٹ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

بنگلورو: بنگلورو کی ایک خاتون نے فلپ کارٹ کے خلاف مقدمہ چار سال بعد جیت لیا۔ خاتون نے شامپو کی بوتل کی غلط طریقے سے اضافی قیمت وصول کرنے پر ای کامرس کی کمپنی فلپ کارٹ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔

شہر کی صارف عدالت نے کمپنی کو 20 ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے اور ایم آر پی سے زائد وصول کیے جانے والے 96 روپئے واپس کرنے کا حکم دیا۔

ٹائمس آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ سومیا پی ساکن پیالیس گوٹاہلی نے اکتوبر2019ء میں بگ بلین ڈیز سیل کے دوران پتن جلی کیش کانتی پروٹین ہیر کلینزر کی بوتل کا آرڈر دیا تھا۔

اس نے اس کے لیے فون پے کے ذریعہ جملہ 191 روپئے ادا کیے۔ تاہم شامپو وصول ہونے کے بعد اس نے دیکھا کہ بوتل کی پشت پر درج ایم آر پی صرف95 روپئے ہے اور غلط طریقے سے اس سے 191 روپے وصول کیے گئے۔

فلپ کارٹ کسٹمر کیئر ٹیم سے رجوع ہونے پر اسے رقم واپسی کے لیے شامپو واپس کرنے کو کہا گیا۔ اسے یقین دہانی کرائی گئی کہ ایسے معاملات پر فلپ کارٹ کی پالیسیوں میں تبدیلی کی جائے گی مگر اس کے مشاہدہ میں یہ بات آئی کہ کمپنی نے سورت کے فروخت کنندہ ایچ بی کے انٹرپرائزس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

پھر سومیا نے یہ معاملہ خود حل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شانتی نگر میں واقع صارف عدالت میں کمپنی اور فروخت کنندہ کے خلاف شکایت درج کی۔ خاتون نے تصاویر اور دیگر دستاویزات سمیت ثبوت پیش کرکے یہ کیس خود لڑا۔

حالانکہ فلپ کارٹ کے وکیل نے تمام الزامات کی تردید کی مگر ایم آر پی سے زائد قیمت وصول کرنے کے کمپنی کے اقدام کو جائز ٹھہرانے میں ناکام رہے۔