یٰسین ملک کو جیل میں علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت
دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے دن تہاڑ جیل حکام سے کہاکہ علیحدگی پسند قائد یٰسین ملک کو علاج معالجہ کی ضروری سہولت فراہم کی جائے۔ دہشت گردی کیس میں یٰسین ملک‘عمر قید کاٹ رہے ہیں۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کے دن تہاڑ جیل حکام سے کہاکہ علیحدگی پسند قائد یٰسین ملک کو علاج معالجہ کی ضروری سہولت فراہم کی جائے۔ دہشت گردی کیس میں یٰسین ملک‘عمر قید کاٹ رہے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ وہ بھوک ہڑتال پر ہیں۔ جسٹس ایم انوپ کمار نے مرکز‘ حکومت ِ دہلی اور تہاڑ جیل حکام کو نوٹس جاری کی اور ہیلت اسٹیٹس رپورٹ بھی مانگی۔
یٰسین ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل یکم نومبر سے بھوک ہڑتال پر ہے اور اسے فوری دواخانہ میں شریک کرانا ضروری ہے۔
عدالت نے کہا کہ نوٹس جاری کی جائے اور جیل سپرنٹنڈنٹ سے درخواست گزار کی میڈیکل رپورٹ منگوائی جائے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ جیل کے قاعدہ قانون کے مطابق درخواست گزار کو ضروری علاج یقینی بنائے۔
کہا جاتا ہے کہ یٰسین ملک کو قلب اور گردہ کا عارضہ لاحق ہے۔ فی الحال وہ موت و حیات کی کشمکش میں ہیں۔ معاملہ کی سماعت 11 نومبر کو ہوگی۔