حیدرآباد: نبی کریم ﷺ سے محبت کا اصل تقاضہ آپ کی تعلیمات پر عمل ہے – مغل پورہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول میں جلسہ تقسیم انعامات
گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مغل پورہ 2 میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تحریری مقابلوں کے فاتح طلبہ کے لیے جلسہ تقسیم انعامات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب الیاس قریشی (امریکہ) اور ڈاکٹر محمد مصطفے علی سروری نے شرکت کی۔
حیدرآباد: گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مغل پورہ 2 میں میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں تحریری مقابلوں کے فاتح طلبہ کے لیے جلسہ تقسیم انعامات کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب الیاس قریشی (امریکہ) اور ڈاکٹر محمد مصطفے علی سروری نے شرکت کی۔
ینگ مینز مسلم ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اس مقابلے میں شریک طلبہ کو توصیفی اسناد پیش کی گئیں جبکہ کامیاب طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب الیاس الدین قریشی نے کہا کہ "اردو میڈیم کے طلبہ کو چاہیے کہ وہ اس حقیقت کو ہمیشہ ذہن نشین رکھیں کہ دنیا و آخرت کی کامیابی صرف اسوۂ رسول اللہ ﷺ پر عمل کرنے ہی میں مضمر ہے۔” انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ انگریزی زبان پر عبور حاصل کریں اور اعلیٰ تعلیمی مقاصد کا تعین کریں۔
ڈاکٹر محمد مصطفے علی سروری نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کی کامیابی اسی وقت یقینی ہوسکتی ہے جب وہ اپنی روزمرہ زندگی میں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو حرزِ جاں بنالیں۔
اس موقع پر ایڈوکیٹ اعجاز علی قریشی نے خیرمقدمی کلمات ادا کیے۔ اسکول کے معلم محمد حسام الدین نے کہا کہ ینگ مینز مسلم ایسوسی ایشن کی جانب سے اس طرح کے سیرت النبی ﷺ کے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔
پرنسپل اوما میڈم نے کہا کہ طلبہ میں اخلاقی و کردار سازی کی تربیت نہایت ضروری ہے اور ایسے مقابلے نوجوانوں کو نیک باتیں سیکھنے اور ان پر عمل کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
آخر میں ناصر حسین شعیب (جنرل سکریٹری مانو المونی ایسوسی ایشن) نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ اس موقع پر جناب محمد جہانگیر، محترمہ مہر حبیب، محترمہ امتہ الرحمن بشری اور دیگر اساتذہ بھی موجود تھے۔