حیدرآباد

امرناتھ میں بادل پھٹنے کے واقعہ میں راجہ سنگھ محفوظ

راجہ سنگھ جو ریاستی اسمبلی میں حلقہ گوشہ محل کی نمائندگی کرتے ہیں، اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے امرناتھ پہنچے تھے۔

حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ، امرناتھ غار کے قریب بادل پھٹنے کے واقعہ میں آئی طغیانی میں محفوظ رہے۔

راجہ سنگھ جو ریاستی اسمبلی میں حلقہ گوشہ محل کی نمائندگی کرتے ہیں، اپنے ارکان خاندان کے ساتھ ہیلی کاپٹر سے امرناتھ پہنچے تھے۔

انہوں نے موسم کے خراب ہونے سے پہلے پہاڑی پر چڑھنے کیلئے چھوٹے گھوڑے کا استعمال کرنے کافیصلہ کیا تھا۔راجہ سنگھ نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کو محسوس کرتے ہوئے ایسے حالات میں ہیلی کاپٹر کی خدمات کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اسی لئے چھوٹے گھوڑوں کے استعمال کا فیصلہ کیاگیا تھا۔

بھگوا جماعت کے رکن اسمبلی نے کہاکہ انہوں نے پہاڑی سے تقریبا ایک کیلومیٹر کی دوری پر بادلوں کے پھٹنے کا نظارہ کیا۔اس واقعہ میں کئی خیمے بہہ گئے۔

چونکہ رکن اسمبلی خصوصی سیکوریٹی کے حامل ہیں، اس لئے فوج نے ان کے خاندان کو سری نگر پہنچانے میں مدد کی۔

انہوں نے کہاکہ کئی ریاستوں بشمول تلنگانہ کے عوام وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان کے اندازہ کے مطابق تقریبا 50افراد اس واقعہ میں بہہ گئے۔