اڑتے ہوئے تابوتوں کو بیڑے سے کب ہٹایا جائے گا؟: ورون گاندھی
ورون گاندھی نے ہندی زبان میں ٹوئٹ کیا کہ کل بارمیر میں پیش آئے واقعہ سے سارا ملک صدمہ کا شکار ہے۔ چند برسوں پہلے تک مِگ 21 طیارہ بار بار حادثات کا شکار ہوتا رہا تھا۔ اس طیارہ نے اب تک تقریباً 200 پائلٹوں کی جان لی ہے۔
نئی دہلی: ایک مِگ 21 طیارہ کو حادثہ میں انڈین ایئرفورس (آئی اے ایف) کے دو پائلٹوں کی موت کے ایک دن بعد بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے اس طیارہ کو ”اڑتا ہوا تابوت“ قرار دیا اور جاننا چاہا کہ ان قدیم طیاروں کو آئی اے ایف کے بیڑے سے کب ہٹایا جائے گا۔
واضح رہے کہ راجستھان کے بار میر میں تربیتی پرواز کے دوران ایک مِگ 21 طیارہ جمعرات کی رات حادثہ کا شکار ہوگیا تھا اور دو پائلٹوں کی موت ہوگئی تھی۔ آئی اے ایف نے کہا کہ یہ طیارہ ”اترلائی“ ہوائی اڈہ سے تربیتی پرواز پر تھا اور تقریباً 9:10 بجے شب اسے حادثہ پیش آیا۔
انہوں نے ہندی زبان میں ٹوئٹ کیا کہ کل بارمیر میں پیش آئے واقعہ سے سارا ملک صدمہ کا شکار ہے۔ چند برسوں پہلے تک مِگ 21 طیارہ بار بار حادثات کا شکار ہوتا رہا تھا۔ اس طیارہ نے اب تک تقریباً 200 پائلٹوں کی جان لی ہے۔ اترپردیش کے پیلی بھیت کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس اڑتے ہوئے تابوت کو ہمارے بیڑے سے کب ہٹایا جائے گا۔
ملک کی پارلیمنٹ کو اس پر غور کرنا ہوگا۔ کیا ہم اپنے بچوں کو؟ یہ طیارہ اڑانے کی اجازت دیں گے؟ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے دو پائلٹوں میں وِنگ کمانڈر ایم رانا اور فلائٹ لیفٹیننٹ ادوِتیا بال شامل ہیں۔