کرناٹک

بنگلورو میں آسامی نوجوان گرفتار۔ نوجوانوں کو کٹر بنانے کا الزام

کرناٹک کی سنٹرل کرائم برانچ پولیس نے آسام سے تعلق رکھنے والے ایک فوڈڈیلیوری ایجنٹ کو گرفتارکرلیاہے۔شبہ ہے کہ وہ نوجوانوں کوکٹرپرست بنارہاتھا۔

بنگلورو: کرناٹک کی سنٹرل کرائم برانچ پولیس نے آسام سے تعلق رکھنے والے ایک فوڈڈیلیوری ایجنٹ کو گرفتارکرلیاہے۔شبہ ہے کہ وہ نوجوانوں کوکٹرپرست بنارہاتھا۔

مشتبہ شخص کی اخترحسین کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے جوفروری2020سے بنگلوروکے تلک نگرعلاقہ کے بی ٹی پی محلہ میں اپنے تین دوستوں کے ساتھ مقیم تھا۔

ایک پولیس عہدیدارنے بتایاکہ ہم نے مشتبہ ملزم کو عدالت میں پیش کیاہے اوراسے مزید پوچھ تاچھ کیلئے 10روزہ پولیس تحویل میں دیا گیاہے۔

وہ دیگر3افراد کے ساتھ مقیم تھا۔ان سے بھی پوچھ تاچھ کی گئی ہے لیکن انہیں چھوڑدیاگیاہے کیونکہ ان کے کوئی روابط نہیں تھے۔ ایک مقامی شخص نے بتایاکہ اس کی حسین کے ساتھ کبھی بات چیت نہیں ہوئی تھی کیونکہ وہ زیادہ تررات کے اوقات میں کام کرتاتھا۔ ہم اسے رات میں ہی دیکھتے تھے۔

اتوارکی شام تقریباً5:00 بجے پانچ پولیس عہدیدارآئے اور8:00بجے شب تک مزید 30 پولیس ملازمین وہاں پہونچے اوراسے حراست میں لے لیا۔ پولیس عہدیدارنے بتایا کہ اخترنوجوانوں کو کٹراورانقلابی بنارہاتھا لیکن مزید پوچھ تاچھ کے بعد ہی مکمل معلومات حاصل ہوسکیں گی۔

ٹاملناڈومیں ایک اورمشتبہ ملزم پردھاواکیاگیا جس کے حسین کے ساتھ مبینہ روابط تھے اوراسے بھی حراست میں لے لیاگیاہے۔ سٹی پولیس کمشنرسی ایچ پرتاب نے بتایاکہ ایجنسیوں کی اطلاع پردھاواکیاگیا اورملزم کوحراست میں لیاگیا۔