جوبائیڈن ’ملک کے دشمن‘ :ڈونالڈ ٹرمپ
سابق امریکی صدر ڈونا لڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن ملک کے دشمن ہیں۔
پنسلونیہ(امریکہ): سابق امریکی صدر ڈونا لڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن ملک کے دشمن ہیں۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ کی رہائش گاہ پر ایف بی آئی کے 8 اگست کے چھاپے پر ڈونالڈ ٹرمپ نے پنسلوینیا میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختیارات کے غلط استعمال کی ایسی مثال امریکہ کی تاریخ میں نہیں ملتی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے ایسا ردِ عمل سامنے آئے گا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا، بائیڈن نے بطور امریکی صدر اب تک کی سب سے شیطانی اور نفرت انگیز تقریر کی۔
ٹرمپ نے حامیوں سے خطاب میں کہا کہ بائیڈن ملک کے دشمن ہیں، آپ یہ جاننا چاہتے ہیں، ہم اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جمہوریت کو خطرہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے، دائیں سے نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے چھاپے میں تیسری دنیا کے ہتھکنڈے استعمال کیے، چھاپے سے ایک دن پہلے ایک انتہائی سیاسی مجسٹریٹ کو مقرر کیا گیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میرے حقوق اور شہری آزادیوں کو اس طرح پامال کیا گیا جیسے ہمارا ملک تیسری دنیا ہے، ایسے چھاپہ مارا گیا جیسے ہم تیسری دنیا کی قوم کی طرح ہیں۔
میری اہلیہ کے کپڑوں کی الماریوں کی تلاشی لی گئی، میرے 16 سال کے بیٹے کے کمرے کی تلاشی بھی لی گئی۔سابق امریکی صدر کے مطابق ایف بی آئی ایجنٹس نے سارا سامان الٹ پلٹ کر رکھ دیا، ایف بی آئی اور محکمہ انصاف شیطانی عفریت بن گئے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آئی اور محکمہ انصاف بائیں بازو کے انتہا پسندوں، وکلاء اور میڈیا کے کنٹرول میں ہیں۔واضح رہے کہ موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتہا پسندی کی نمائندگی کرتے ہیں جو جمہوریت کی بنیادوں کے لیے خطرہ ہے۔علحد ہ موصولہ اطلاع کے بموجب ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ریزوٹ پر ایف بی آئی کے چھاپے کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کو ’ملک کا دشمن‘ قرار دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پنسیلونیا میں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ صدر جوبائیڈن پر الزام لگائے گئے۔واضح رہے کہ سابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا ریزوٹ پر حساس دستاویزات کی تلاش کیلئے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کی چھاپے کے بعد پہلی ریالی کا انعقاد ہوا جس میں ٹرمپ نے صدر بائیڈن پر الزامات کی بارش کی۔
ٹرمپ نے ریالی کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن پر اپنے خلاف ایف بی آئی کو اسلحے کے استعمال کی اجازت دینے کا بھی الزام عائد کیا۔سابق امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ میرے ریزوٹ پر کی گئی ’چھاپہ مار کارروائی انتظامیہ کی جانب سے طاقت کے استعمال کی بدترین مثال ہے جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی‘۔76 سالہ سابق صدر ٹرمپ نے ریالی سے خطاب میں ایک مرتبہ پھر 2020 کے صدارتی انتخابات میں دھاندلی اور چوری کا الزام لگایا، اس دوران ٹرمپ نے منشیات استعمال کرنے والوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔