بھارت

شنزو آبے کی موت پر ہفتہ کو ہندوستان میں قومی سوگ، مودی نے شیئر کی یادگار تصویر

مودی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم شنزو آبے کیلئے ہمارے گہرے احترام میں، 9 جولائی 2022 کو قومی سوگ کا دن منایا جائے گا۔ 9 جولائی کو آبے کے اعزاز میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کوئی سرکاری تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

نئی دہلی: ہندوستان نے ہفتہ کو جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی موت پر قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مسٹر آبے کے لیے ہندوستان کے گہرے احترام میں 9 جولائی 2022 کو قومی سوگ کے دن کا اعلان کیا۔

مسٹر مودی نے کہا، ’’سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے لیے ہمارے گہرے احترام میں، 9 جولائی 2022 کو قومی سوگ کا دن منایا جائے گا۔ 9 جولائی کو مسٹر آبے کے اعزاز میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کوئی سرکاری تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔

آبے مودی کے بہت قریبی دوست تھے۔ انہوں نے وزیر اعظم رہتے ہوئے مسٹر مودی کے ساتھ ان کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا دورہ کیا تھا اور وہاں گنگا آرتی میں بھی شرکت کی تھی۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق، مسٹر آبے پر مقامی وقت کے مطابق صبح 11.30 بجے کے قریب لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران ایک عوامی ریلی سے خطاب کے دوران ایک 41 سالہ شخص نے حملہ کیا۔

جائے وقوعہ پر گولیوں کی آوازیں سننے کے بعد مسٹر آبے کو خون آلود حالت میں دیکھا گیا۔ مسٹر آبے کو میڈ ویک کے ذریعے کاشیہارا شہر کے نارا میڈیکل یونیورسٹی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا۔