مودی، نہرو کی تاریخی غلطیوں کوسدھار رہے ہیں:گری راج
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جمعرات کے روز کانگریس پر کڑی تنقید کی اور قدیم سیاسی جماعت پر تاریخی غلطیاں کرنے کا الزام عائد کیا۔

پٹنہ (آئی اے این ایس) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جمعرات کے روز کانگریس پر کڑی تنقید کی اور قدیم سیاسی جماعت پر تاریخی غلطیاں کرنے کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے بیگوسرائے میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے جانے سے لے کر تبت کے مسئلہ سے غلط انداز میں نمٹنے اور چین کی 34 ہزار مربع کیلو میٹر زمین کھودینے تک یہ تمام سنگین غلطیاں کانگریس کے دور ِ حکومت میں کی گئی تھیں۔
انہوں نے 1971 میں بنگلہ دیش کی جنگ ِآزادی کا بھی حوالہ دیا اور اُس وقت کی وزیراعظم اندراگاندھی کے رول کی ستائش کی تاہم کہا کہ اگر بروقت کارروائی کی جاتی تو بہتر ہوتا۔ مرکزی وزیر نے صدر کانگریس ملیکارجن کھرگے پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ ابھی تک گاندھی خاندان کے خاندانی قصوں میں الجھے ہوئے ہیں اور اپنے آپ کو اس کی وراثت سے آزاد نہیں کراسکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھرگے بوڑھے ہوچکے ہیں لیکن ابھی تک گاندھی خاندان کے ازکاررفتہ بیانیہ سے جڑے ہوئے ہیں۔ نریندر مودی کی زیرقیادت ملک پیشرفت کرچکا ہے جنہوں نے بین الاقوامی اسٹیج پر ہندوستان کے وقار کی بحالی کے لئے انتھک محنت کی ہے۔
وزیراعظم مودی نے ہندوستان کی خارجہ پالیسی کو درست کیا اور عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار کو بحال کیا۔