عمران خان کے لانگ مارچ کا 6 دن میں اعلان
55جلسوں اور 24 سے زائد کانفرنسوں کے بعد عمران خان مخالف حکومت لانگ مارچ اور پاکستانی دارالحکومت کا گھیرا تنگ کردینے دھرنا دینے کے لئے تیار ہیں۔
اسلام آباد: 55جلسوں اور 24 سے زائد کانفرنسوں کے بعد عمران خان مخالف حکومت لانگ مارچ اور پاکستانی دارالحکومت کا گھیرا تنگ کردینے دھرنا دینے کے لئے تیار ہیں۔
وہ یہ احتجاج ملک میں جلد انتخابات کرانے کا ان کا مطالبہ پورا ہونے تک جاری رکھیں گے۔ عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے ذرائع نے توثیق کردی ہے کہ لانگ مارچ کا اعلان آئندہ 6 دن میں کردی جائے گا۔
پارٹی فی الحال مشاورت کررہی ہے۔ سابق وزیر اطلاعات و سینئر رکن پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ قوم کو لانگ مارچ کی تیاری شروع کردینی چاہئے کیونکہ امپورٹیڈ حکومت کو بے دخل کرنے کا یہی ایک آپشن رہ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملک کی اکثریت کی تائید حاصل نہیں اور اسے حکومت تبدیل کرنے کی سازش کے تحت اقتدار میں لایا گیا۔ قوم کو لانگ مارچ کی تیاری شروع کردینی چاہئے کیونکہ عمران خان سچے رہنما ہیں جو سارے ملک کے جذبات و احساسات کی نمائندگی کرتے ہیں۔
عمران خان آئندہ 6 دن میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے والے ہیں اور یہ مارچ اس امپورٹیڈ حکومت کے خلاف ”فائنل شو ڈاؤن“ (طاقت کا قطعی مظاہرہ) ہوگا۔ پی ٹی آئی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے تمام صوبوں میں اپنی پارٹی کے یونٹوں کو لانگ مار چ کی تیاری کی پہلے ہی ہدایت دے دی ہے۔
بند کمرہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ وہ شہباز شریف حکومت کو مزید کوئی وقت نہیں دیں گے۔ لانگ مارچ کے لئے مختلف حکمت عملیاں زیر غور ہیں۔ موجودہ حکومت کے خلاف پی ٹی آئی کا یہ پہلا احتجاج نہیں ہے۔
2014میں عمران خان نے اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ اور جلد الیکشن کرانے کے مطالبہ پر زور دینے اسلام آباد میں 126 دن کا احتجاج کیا تھا تاہم کئی ماہ طویل احتجاج کے باوجود ان کا ایک بھی مطالبہ نہیں مانا گیا تھا۔