مشرق وسطیٰ

غزہ پٹی میں اسلامی جہاد کا دوسرا کمانڈرہلاک

اسرائیلی فوج نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ اس نے غزہ پٹی میں عسکریت پسند تنظیم فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) کے ایک اور قومی کمانڈر کونشانہ بنایاہے۔

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے اتوار کے دن اعلان کیا کہ اس نے غزہ پٹی میں عسکریت پسند تنظیم فلسطینی اسلامی جہاد (پی آئی جے) کے ایک اور قومی کمانڈر کونشانہ بنایاہے۔

جرمن نیوزایجنسی ڈی پی اے نے خبردی ہے کہ اسلامی جہاد کے جنوبی کمانڈر خالد منصور رفاہ شہر میں فضائی حملہ میں مارے گئے۔ پی آئی جے کے دیگر2 سینئرارکان بھی مارے گئے جن میں منصور کا نائب شامل ہے۔ ہفتہ کی رات اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی میں کئی اہداف کو نشانہ بنایا۔

فلسطینی وزارت صحت کے بموجب جمعہ سے 29جانیں جاچکی ہیں اور کم ازکم 259 افراد زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں 6بچے اور 4 عورتیں شامل ہیں۔اسی دوران اقوام متحدہ سلامتی کونسل(یواین ایس سی) نیویارک میں پیر کے دن اپنے بند کمرہ اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں پر تبادلہ خیال کرے گی۔

متحدہ عرب امارات‘آئرلینڈ‘ فرانس‘ ناروے اور چین نے ہفتہ کے دن اقوام متحدہ سے اس کی درخواست کی تھی۔ اسرائیلی فوج نے جمعہ کے دن آپریشن بریکنگ ڈاؤن شروع کیاتھا۔ اے پی کے بموجب اسرائیل نے اتوار کے دن کہا کہ اس نے ایک پُرہجوم پناہ گزیں کیمپ (رفیوجی کیمپ) میں اسلامی جہاد کے ایک سینئر کمانڈرکوہلاک کردیا۔

اسرائیل کی فوجی کاروائی شروع ہونے کے بعد سے یہ دوسرا حملہ ہے۔ ایران نواز عسکریت پسند گروپ نے جواب میں اسرائیل کی طرف سینکڑوں راکٹ فائر کئے۔ خطرہ ہے کہ سرحد پارلڑائی کہیں باقاعدہ جنگ میں نہ تبدیل ہوجائے۔ غزہ کے برسرِ اقتدار حماس گروپ نے جس نے مئی 2021ء میں اسرائیل کے ساتھ 11 روزہ جنگ لڑی تھی اس بار ایسا لگتا ہے کہ خود کودرکناررکھا ہے۔

اس کی ممکنہ وجہ اسرائیل کی جوابی کاروائی کا خطرہ ہوسکتی ہے۔ حماس کو یہ بھی اندیشہ ہے کہ اسرائیل غزہ کے ہزاروں شہریوں کے ورک پرمٹ منسوخ کرسکتا ہے۔ اسلامی جہاد کے کمانڈرخالد منصور ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ پر فضائی حملہ میں ہلاک ہوئے۔ اس حملہ میں دیگر دوعسکریت پسند اور پانچ شہری بھی مارے گئے جس کے ساتھ ہی جمعہ سے شروع اسرائیلی حملہ میں تاحال مرنے والوں کی تعداد31ہوگئی ہے۔

a3w
a3w