معمر قیدیوں کے لئے عنقریب خوشخبری
غریب قیدیوں کو بھی فائدہ ہوگا جو اپنی سزا تو کاٹ چکے ہیں لیکن جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے ابھی بھی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ان کے جرمانے معاف کردیئے جائیں گے۔
نئی دہلی: 50 سال سے اوپر کی عمر کی ہزاروں خواتین اور خواجہ سرا قیدیوں کے لئے خوشخبری آنے والی ہے۔ حکومت‘ 3مرحلوں میں ان کی سزا کم کردینے کا منصوبہ رکھتی ہے بشرطیکہ جیل میں ان کا برتاؤ اچھا ہو۔ اس اسکیم کے تحت 60 سال سے اوپر کی عمر کے مرد قیدیوں اور جسمانی معذورین کا بھی احاطہ ہوگا بشرطیکہ یہ لوگ اپنی نصف سزا کاٹ چکے ہوں۔
غریب قیدیوں کو بھی فائدہ ہوگا جو اپنی سزا تو کاٹ چکے ہیں لیکن جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے ابھی بھی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ ان کے جرمانے معاف کردیئے جائیں گے۔ وزارت ِ داخلہ نے حال میں تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کو لکھا ہے کہ 15 اگست 2022‘ 26 جنوری 2023 اور 15 اگست 2023 سے تین مرحلوں میں ان قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
وزارت ِ داخلہ کی اسکیم‘سزائے موت یا عمر قید والے قیدیوں پر لاگو نہیں ہوگی۔ عصمت ریزی‘ دہشت گردی کے الزامات‘ جہیز کے لئے بیوی یا بہو کی جان لینے والوں اور منی لانڈرنگ کیسس کے خاطیوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
2020 کے سرکاری اندازہ کے مطابق ملک میں جیلیں گنجائش سے زیادہ بھری پڑی ہیں۔ جیلوں میں 4 لاکھ 3 ہزار کی گنجائش ہے جبکہ 4 لاکھ 78 ہزار قیدی ان میں بند ہیں۔ قیدیوں میں تقریباً ایک لاکھ عورتیں ہیں۔