تلنگانہ

منکی پاکس مہلک نہیں، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں: ڈائرکٹر صحت عامہ

ڈائرکٹر صحت عامہ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ منکی پاکس کے مشتبہ شخص کے چھ قریبی رابطوں کی بھی شناخت کرلی ہے۔اگرچیکہ ان میں کوئی علامات نہیں ہیں، پھر بھی حکام نے انہیں احتیاطاً الگ تھلگ رکھا۔

حیدرآباد: ڈائرکٹر صحت عامہ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ منکی پاکس کے مشتبہ شخص کے چھ قریبی رابطوں کی بھی شناخت کرلی ہے۔اگرچیکہ ان میں کوئی علامات نہیں ہیں، پھر بھی حکام نے انہیں احتیاطاً الگ تھلگ رکھا۔

محکمہ صحت‘ ان افراد کا تھی پتا لگانے کی کوشش کررہا ہے جو گزشتہ چند دنوں کے دوران ان کے رابطے میں آئے۔ ڈائرکٹر صحت عامہ نے کہا کہ عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیو ں کہ یہ مرض مہلک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر صحت ہریش راؤ صورت حال کی نگرانی کررہے ہیں اور انہیں ہدایات دے رہے ہیں۔ ہم تمام درکار اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلنگانہ میں منکی پاکس کا پہلا مشتبہ کیس ہے۔

پڑوسی آندھرا پردیش میں پہلا کیس 17/ جولائی کو سامنے آیا تھا۔ 2سالہ بچہ جو اپنے والدین کے ساتھ دبئی گیا تھا، واپسی پر اس کی جلد پر چھالے پڑگئے۔ تاہم جب اس کے نمونے معائنہ کے لیے پونے کے این آئی وی کو بھیجے گئے تو وہ منکی پاکس کے لیے منفی پائے گئے۔

تلنگانہ کا محکمہ صحت حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل سے بھی منکی پاکس کے مشتبہ کیس کے نمونوں کی جانچ کی درخواست کررہا ہے۔ سرکاری دواخانہ میں آر ٹی پی سی آر معائنہ کیا جائے گا اور اگر نتیجہ پازیٹیو آیا تو تصدیق کے لیے نمونے این آئی وی کو بھیجے جائیں گے۔

حیدرآباد کے فیور ہاسپٹل (کورنٹی) میں فی الحال منکی پاکس کیس کے لیے مردو خواتین کے لیے دو الگ تھلگ وارڈس قائم کیے گئے ہیں۔ دواخانہ کے سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ انہوں نے36بستروں اور درکار عملہ، آلات اور ادویات کا انتظام کیا ہے۔

سررونالڈ راس انسٹی ٹیوٹ فار ٹراپیکل اینڈ کمیونی کیبل ڈیزیز جو فیور ہاسپٹل کے نام سے جاناجاتا ہے، کو منی پاکس کے مشتبہ کیسس کے علاج کے لیے نوڈل مرکز قرار دیا گیا ہے۔ اتوار کو پانچواں مشتبہ مریض شریک کیا گیا۔ فیور ہاسپٹل‘ مارچ 2020 میں کووڈ19کے ابتدائی چند مشتبہ کیسس بھی سنبھال چکا ہے۔

a3w
a3w