مہاراشٹرا

ناندیڑ دواخانہ کے ڈین سے ٹوائلٹ صاف کروائے گئے، رکن پارلیمنٹ کے خلاف کیس درج (ویڈیو)

پولیس نے ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ کے کارگزار ڈین سے گندے ٹوائلٹ اور پیشاب خانے صاف کروانے کے ضمن میں شیوسینا کے ایم پی ہیمنت پاٹل کے خلاف کیس درج کرلیا۔

اورنگ آباد: پولیس نے ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ کے کارگزار ڈین سے گندے ٹوائلٹ اور پیشاب خانے صاف کروانے کے ضمن میں شیوسینا کے ایم پی ہیمنت پاٹل کے خلاف کیس درج کرلیا۔

متعلقہ خبریں
سرکاری اسپتال میں 24 مریضوں کی موت

واضح رہے کہ اس دواخانہ میں 48گھنٹوں کے دوران 31مریضوں کی موت ہوگئی۔ سرکاری عہدیدار کو ڈیوٹی سے روکنے اور بدنام کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے کارگزار ڈین ایس آر واکوڈے نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد یہ کیس درج کیا گیا۔

30/ ستمبر تا 2/ اکتوبر کچھ نومولود بچوں سمیت کئی اموات پر غم و غصہ کے درمیان ہنگولی کے ایم پی نے منگل کو ڈاکٹر شنکر راؤ چوان گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کا دورہ کرکے صورت حال کا جائزہ لیا۔

پاٹل کی جانب سے واکوڈے کو جھاڑو تھمانے اور ان سے ٹوائلٹ اور پیشاب خانے صاف کروانے کا ویڈیو وائرل ہوگیا تھا۔

پاٹل جو چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے زیرقیادت شیوسینا سے تعلق رکھتے ہیں نے نیوز چینل کو بتایا کہ حکومت کروڑہا روپئے خرچ کرتی ہے مگر یہاں کی صورت حال دیکھ کر مجھے تکلیف ہوئی۔

بیت الخلاء کئی ماہ سے صاف نہیں کیے گئے۔ دواخانہ کے وارڈس میں موجود ٹوائلٹس مقفل ہیں۔ ٹوائلٹس میں پانی دستیاب نہیں۔

واکوڈے کے خلاف تعزیرات ہند اور ایس سی/ ایس ٹی قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت درج کردہ ایف آئی آر کے بموجب جب واکوڈے وزیر کے معائنہ دورہ کی تیاریوں میں مصروف تھے، پاٹل منگل کو دوپہر 12:30 بجے ڈین کے دفتر پہنچے۔

وارڈ کی طرف جاتے ہوے پاٹل نے انہیں ٹوائلٹ دکھانے کو کہا۔ چوں کہ ٹوائلٹ گندی حالت میں تھے، پاٹل نے اسے صاف کروایا۔ اس کا ویڈیو وائرل ہوگیا جس سے ڈین کی اہانت ہوئی۔ بعد ازاں پاٹل نے واکوڈے سے (دواخانہ کے) وارڈ نمبر6کا ٹوائلٹ بھی صاف کروایا جس سے میرا بلڈ پریشر بڑھ گیا۔