دہلی

گیان واپی مسجد کیس، سپریم کورٹ میں 21جولائی کو سماعت

سپریم کورٹ نے پیر کے دن آمادگی ظاہر کی کہ وہ وارانسی کی گیان واپی مسجد کے احاطہ میں سروے کے دوران پائے گئے ”شیولنگ“ کی پوجا کی اجازت کے لئے داخل تازہ درخواست کی سماعت 21 جولائی کو کرے گی۔

نئی دہلی۔: سپریم کورٹ نے پیر کے دن آمادگی ظاہر کی کہ وہ وارانسی کی گیان واپی مسجد کے احاطہ میں سروے کے دوران پائے گئے ”شیولنگ“ کی پوجا کی اجازت کے لئے داخل تازہ درخواست کی سماعت 21 جولائی کو کرے گی۔

درخواست میں شیولنگ کی کاربن ڈیٹنگ کرانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے تاکہ یہ پتہ چلے کہ شیولنگ کتنے سال پرانا ہے۔

چیف جسٹس این وی رمنا‘ جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس ہیما کوہلی پر مشتمل بنچ نے ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین کی یہ بات مان لی کہ 21 جولائی کو انجمن انتظامیہ مساجد کی زیرالتوا درخواست کے ساتھ سماعت کی جائے۔

گیان واپی مسجد‘ انجمن انتظامیہ مساجد وارانسی کے تحت ہے۔ جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی بنچ 21 جولائی کو انجمن کی درخواست کی سماعت کرنے والی ہے جس میں گیان واپی۔ شرنگار گوری کامپلکس کے سروے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ اسی سروے کے دوران شیولنگ کی برآمدگی کا دعویٰ ہوا تھا۔