ہندوستان نے پاکستان کو 5 وکٹس سے ہرادیا
ہاردیک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ کے آل راونڈ مظاہرہ کی مدد سے ہندوستان نے ایشیاء کپ کے دوسرے میاچ میں پاکستان کو 5 وکٹس سے شکست دے دی۔
دبئی: ہاردیک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ کے آل راونڈ مظاہرہ کی مدد سے ہندوستان نے ایشیاء کپ کے دوسرے میاچ میں پاکستان کو 5 وکٹس سے شکست دے دی۔
ٹیم انڈیا کو جیت کیلئے 148 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 5 وکٹس کھوکر 19.5 اوورس میں بنالئے۔ ہندوستان کی جیت میں آل راونڈر ہاردیک پانڈیا اور رویندر جڈیجہ کا اہم رول رہا جنہوں نے پانچویں وکٹ کیلئے 52 رنوں کی شراکت داری کی۔ جڈیجہ 35 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ پانڈیا 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 33 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں کپتان روہت شرما 12‘ ویراٹ کوہلی 35 اور سوریا کمار یادو 18 رن پر آؤٹ ہوئے جبکہ کے ایل راہول بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 جبکہ نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے سلامی بلے باز محمد رضوان کے 43 رنوں کی مدد سے 19.5 اوورس میں 147 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی شروعات ٹھیک نہیں رہی کیونکہ کپتان بابراعظم 10 رن بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد فخر زمان بھی 10 رن بناسکے۔
پاکستان نے 42 رنوں پر اپنے دو وکٹس گنوادیئے تھے تاہم محمد رضوان اور افتخار احمد نے تیسری وکٹ کیلئے 45 رنوں کی شراکت داری کی۔ رضوان 42 گیندوں میں چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 43 جبکہ افتخار احمد 22 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 28 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔
دیگر بلے بازوں میں شاداب خان 10‘ آصف علی 9‘ محمد نواز ایک اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ آخری اوورس میں حارث رؤف 13 اور شاہنواز دھانی نے 16 رن بناتے ہوئے ٹیم کو 147 تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار اور ہاردیک پانڈیا نے شاندار بولنگ کی۔ بھونیشور کمار نے 26 رنوں کے عوض 4 جبکہ پانڈیا نے 25 رنوں کے عوض 3 وکٹس حاصل کئے جبکہ ارشدیپ سنگھ نے 2 اور آویش خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔