الیکشن کمیشن کے احکام کے بعد ریاست میں 14ہزار لیٹرشراب ضبط
شہر میں منعقدہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اجلاس کے بعد محکمہ اکسائز نے بین الریاستی سرحدات پر سخت نگرانی اور گاڑیوں کی تنقیح شروع کی ہے اس دوران 14ہزار لیٹر دیسی شراب ضبط کرلی گئی۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ اکسائز نے گزشتہ 5 دنوں کے دوران 14ہزار لیٹردیسی شراب کو ضبط کرلیاہے۔3دن قبل شہر میں منعقدہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اجلاس کے بعد محکمہ اکسائز نے بین الریاستی سرحدات پر سخت نگرانی اور گاڑیوں کی تنقیح شروع کی ہے اس دوران 14ہزار لیٹر دیسی شراب ضبط کرلی گئی۔
ریاست میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کا اجلاس 5 اکتوبرکوحیدرآباد میں منعقد ہوا تھا۔ اکسائز حکام نے 1422 لیٹر غیر مجاز کشید شراب‘1710 کیلوگڑ‘94.8 لیٹر شراب‘ 170 کیلوگانجہ اور 21 گاڑیوں کوضبط کرلیا ہے۔
حکام نے 6اکتوبرکونظام آباد میں 2 افراد کوگرفتارکرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 157.39 کیلوگانجہ‘ایک بولیرو گاڑی اور 2 بائکس کوضبط کرلیا۔الیکشن میں پیسہ‘ شراب کی تقسیم کوسختی کے ساتھ روکنے کی الیکشن کمیشن کی ہدایات کے بعد اکسائز حکام نے ریاست میں شراب کی غیرمجازفروخت‘منتقلی اور ذخیرہ اندوزی کوروکنے کیلئے خصوصی اقدامات کررہے ہیں۔
قانون نافذکرنے والے شعبہ نے 8326 ہسٹری/روڈی شیٹرس پرقریبی نظر رکھ رہا ہے اور اب تک 14 افراد کے خلاف پی ڈی ایکٹ لاگوکیاجاچکا ہے۔بین الریاستی سرحدوں پر قریبی نظررکھنے کیلئے عہدیدار‘ اجلاس منعقد کررہے ہیں۔شراب کی غیر قانونی منتقلی کوروکنے کے لئے ضرورت پڑنے پر غیر ضمانتی وارنٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔
خصوصی اقدامات کے حصہ کے طورپر محکمہ اکسائز نے بین الریاستی سرحدات پر 21 چیک پوسٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں دن کے 24 گھنٹے چیکنگ کی جائے گی۔ اے پی کی سرحد پر8 چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں جبکہ اتنی ہی تعداد میں چیک پوسٹس تلنگانہ‘ مہاراشٹرا کی سرحد پر کام کررہے ہیں۔
کرناٹک کی سرحد پر4چیک پوسٹ قائم کئے گئے ہیں جبکہ ایک چیک پوسٹ تلنگانہ۔چھتیس گڑھ سرحد پر کارکرد ہے۔ان چیک پوسٹس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اوران کیمروں کو اسٹیٹ کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر سے مربوط کیا گیا تاکہ موثرطورپر سرحدات پرنگرانی رکھی جاسکے۔