این ڈی اے میں واپسی کا سوال ہی نہیں: نتیش کمار
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن میڈیا کی ان قیاس ارائیوں کو خارج کردیا کہ ان کی پارٹی‘ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے میں لوٹ جائے گی۔ جنتادل یو نے تقریباً ایک سال قبل این ڈی اے سے ناطہ توڑا تھا۔

نئی دہلی: چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے پیر کے دن میڈیا کی ان قیاس ارائیوں کو خارج کردیا کہ ان کی پارٹی‘ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے میں لوٹ جائے گی۔ جنتادل یو نے تقریباً ایک سال قبل این ڈی اے سے ناطہ توڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ساری توجہ اپوزیشن انڈیا بلاک کو مستحکم کرنے پر مرکوز ہے۔ میڈیا نمائندوں نے جب قیاس آرائیوں کے بارے میں پوچھا تو نتیش بابو نے کہا ”کیا فالتو بات ہے“۔
جنتادل یو قائد نے اپنے پارٹی ساتھیوں کے یہ کہنے پر بھی ناراضگی ظاہر کی کہ ان میں اچھا وزیراعظم بننے کی ساری خوبیاں موجود ہیں۔ کابینہ میں توسیع کے امکان پر چیف منسٹر بہار نے کہا کہ یہ سوال‘ ڈپٹی چیف منسٹر (تیجسوی یادو) سے پوچھیں۔
ریاستی کابینہ میں جس کے سربراہ جنتادل یو قائد ہیں فی الحال 28 وزرا ہیں۔ تیجسوی یادو کی آر جے ڈی کا غلبہ ہے حالانکہ اس کے 2 وزرا مستعفی ہوچکے ہیں۔ اسی دوران بی جے پی قائد سشیل کمار مودی نے جو نتیش کمار کے نائب رہ چکے ہیں‘ کہا کہ نتیش کمار کو این ڈی اے میں واپس نہیں لیا جائے گا‘ وہ ناک رگڑیں گے تو بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنتادل یو سربراہ ”سیاسی بوجھ بن چکے ہیں جو اپنی آب و تاب کھوچکے ہیں“۔ سشیل کمار مودی نے کہا کہ نتیش کمار اب اتحاد کے شرکاء کو ایک ووٹ دلانے کی بھی صلاحیت نہیں رکھتے۔ ہم ان سے اتحاد کیوں کریں۔ ان کے لئے سارے دروازے بند ہوچکے ہیں۔
اب ان کا خیرمقدم نہیں کیا جائے گا چاہے اس کے لئے وہ کتنی ہی منت سماجت کیوں نہ کریں۔ بعض اخبارات قیاس لگارہے تھے کہ نتیش کمار کنوینر نہ بنائے جانے پر اپوزیشن اتحاد انڈیا سے خوش نہیں ہیں۔
نئی دہلی میں جی 20 چوٹی کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی سے مسکراتے ہوئے ان کی ملاقات سے بھی اندازہ لگایا جارہا تھا کہ وہ این ڈی اے میں واپسی کے لئے پر تول رہے ہیں۔ پٹنہ میں میڈیا نمائندوں نے جب جنتادل یو قائد سے پوچھا کہ آیا وہ این ڈی اے میں واپس جانے والے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کیا فالتو باتیں کرتے ہیں۔
آر جے ڈی قائد و ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو اس موقع پر ان کے قریب موجود تھے۔ انہوں نے اپنے پارٹی ساتھیوں کی طرف سے انہیں وزارت ِ عظمیٰ کے لئے نہایت موزوں امیدوار قراردیئے جانے پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے ان سے کہا کہ ایسی باتیں نہ کریں۔