بھارت

بی جے پی 2024 میں صرف 50 نشستوں تک محدود ہوجائے گی اگر……؟ نتیش کمار

واضح رہے کہ نتیش کمار نے جب سے بی جے پی کو چھوڑ کر تیجسوی یادو کی آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ نئی حکومت بنائی ہے، تب سے ہی ان کے قومی عزائم کے بارے میں سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں تاہم انہوں نے اس بارے میں اب تک کھل کر بات نہیں کی تھی۔

نئی دہلی: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج کہا کہ اگر تمام اپوزیشن پارٹیاں مل کر لڑیں تو 2024 کے انتخابات میں بی جے پی، لوک سبھا کی صرف 50 نشستوں تک محدود ہوجائے گی اور میں اس سلسلہ میں کام کر رہا ہوں۔

واضح رہے کہ نتیش کمار نے جب سے بی جے پی کو چھوڑ کر تیجسوی یادو کی آر جے ڈی اور کانگریس کے ساتھ نئی حکومت بنائی ہے، تب سے ہی ان کے قومی عزائم کے بارے میں سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں تاہم انہوں نے اس بارے میں اب تک کھل کر بات نہیں کی تھی۔

تاہم آج پٹنہ میں ان کی پارٹی جے ڈی یو کی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دو قراردادیں منظور کی گئیں۔ ایک قرارداد کے تحت نتیش کمار کو ملک بھر میں اپوزیشن اتحاد کے لئے کام کرنے کا اختیار دیا گیا جبکہ دوسری قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملک میں بی جے پی حکومت کے تحت ایک غیرمعلنہ ایمرجنسی نافذ ہے۔

اجلاس کے بعد نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ بی جے پی مخالف محاذ کے لئے دیگر جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں سے ملاقات کریں گے جس کے لئے وہ جلد دہلی کا دورہ کرنے والے ہیں۔ خبر رساں اداروں نے بتایا کہ یہ تین روزہ دورہ پیر سے شروع ہوگا۔

منی پور میں جے ڈی یو کے چھ میں سے پانچ ایم ایل ایز کے بی جے پی میں شامل ہونے کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ وہ کچھ دن قبل ہی بہار میں ان سے ملاقات کرچکے ہیں اور وہ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو چھوڑنے پر بہت خوش تھے مگر ذرا تصور کیجئے کہ کیا ہو رہا ہے؟ وہ (بی جے پی) کس طرح ایم ایل ایز کو توڑنے کا کام کرتی ہے جو دوسری پارٹیوں سے جیت حاصل کرکے رکن اسمبلی بنے ہیں۔

اس سے قبل بی جے پی ایم پی اور نتیش کمار کے سابق نائب سشیل کمار مودی نے کل رات کہا تھا کہ جے ڈی یو منی پور کے بعد اب بہار میں بھی ٹوٹ جائے گی۔ نتیش کمار کے قومی عزائم کے بارے میں سشیل مودی نے کہا کہ پوسٹرس اور ہورڈنگس کسی کو وزیراعظم نہیں بناتے۔ جے ڈی یو کے دفتر میں موجود تشہیری مواد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔ بتایا گیا ہے کہ ان پوسٹرس میں نتیش کمار بمقابلہ نریندر مودی جیسے نعرے تحریر ہیں۔

سشیل مودی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ایک لیڈر کے پاس اس کی پارٹی کے صرف 5-10 ایم پی ہیں تو وہ وزیراعظم کیسے بن سکتا ہے؟ سشیل مودی نے صحافیوں کو بتایا کہ نتیش جی صرف خبروں میں رہنا چاہتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ وزیراعظم تو دور وزیراعظم کے امیدوار بھی نہیں بن سکتے۔

اسی دوران جے ڈی یو کے صدر راجیو رنجن سنگھ للن نے بہار میں جے ڈی یو کے ٹوٹنے کے دعوؤں پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سشیل مودی کو دن میں خواب نہیں دیکھنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، دہلی اور جھارکھنڈ جیسی اپوزیشن کی حکومت والی ریاستوں میں مرکز کی کارروائیاں 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل بی جے پی کے خوف اور مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا بہار میں بھی ایسا ہوسکتا ہے تو انہوں نے کہا کہ ریاست کی رگ رگ میں سیاست ہے، اس طرح یہاں کچھ نہیں ہوگا۔ منی پور کے بارے میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیسے کی طاقت نے ہمارے ایم ایل ایز کو منحرف کردیا۔

a3w
a3w