تلنگانہ

ضلع کلکٹر کی سرزنش پر صدمہ کا اظہار: کے ٹی آر

تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے ضلع کے ایک کلکٹر کی سرزنش کرنے پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم نسق و شہری ترقیات کے ٹی آر نے مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے ضلع کے ایک کلکٹر کی سرزنش کرنے پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا اور کہا کہ مرکزی وزیر سیتا رمن کا یہ رویہ ان کے شایان شان نہیں ہے۔

سیتا رمن نے ضلع کلکٹر کا ماریڈی کی اس بات پر سرزنش کی کہ وہ(کلکٹر) عوامی نظام تقسیم کے تحت غریبوں میں سربراہ کئے جانے والے چاول میں مرکزی حکومت کا حصہ بتانے سے قاصر تھے۔

مرکزی وزیر نے کلکٹر سے یہ پوچھا تھا کہ راشن شاپ کے ذریعہ سربراہ کئے جانے والے چاول میں مرکز اور ریاست کا کتنا حصہ ہے۔ ان کے اس سوال پر کلکٹر نے کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں ہے جس پر وزیر نے ان کی سرزنش کی تھی۔

کے ٹی آر نے کہا کہ سیتا رمن کا یہ رویہ آئی اے ایس عہدیدار کے حوصلے پست کرنے کے مماثل ہے۔ راما راؤ نے جمعہ کی شب ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزیر سیتا رمن کے رویہ سے انہیں صدمہ پہنچا ہے۔

کیونکہ ان کا یہ طرز عمل ایک آئی اے ایس آفیسر کے حوصلہ پست کرے گا۔ ضلع کاماریڈی کے برکور میں راشن شاپ کی تنقیح کے دوران سیتا رمن نے کلکٹر جتیش پاٹل سے سوال کیا کہ یہاں کے بیانر پر وزیر اعظم مودی کی تصویر کیوں نہیں ہے۔ کے ٹی آر نے ضلع کلکٹر پاٹل کے طرز عمل کو باوقار قرار دیا اور ان کی ستائش کی۔