تلنگانہ

تلنگانہ میں تیسرے دن بھی شدید بارش، عوام کو گھروں میں رہنے جی ایچ ایم سی کا مشورہ (تفصیلی خبر)

ریاست تلنگانہ کے بیشتر مقامات کے بشمول شہر میں جمعرات کے روز تیسرے دن بھی وقفہ، وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی نشیبی علاقہ زیر آب آگئے اور معمولات کی زندگی درہم برہم ہوگئی۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے بیشتر مقامات کے بشمول شہر میں جمعرات کے روز تیسرے دن بھی وقفہ، وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے ریاست کے کئی نشیبی علاقہ زیر آب آگئے اور معمولات کی زندگی درہم برہم ہوگئی۔

متعلقہ خبریں
تاخیر سے آنے والے ملازمین پر مئیر برہم
امیت شاہ اور پرینکا گاندھی کے دورے ملتوی
نظام آباد میں جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم وتقسیم انعامات کا کامیاب انعقاد
جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد کے زیر اہتمام جلسہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کوئز وتفسیم انعامات
مائناریٹیز کیلئے آبادی کے تناسب سے سیاسی اور سماجی نمائندگی دینے حکومت تلنگانہ سے جمعیۃ علماء کا مطالبہ، مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا بیان

لگاتار بارش سے ریاست کے چند اضلاع میں ذخائر آب، تالاب، کنٹے اور جھیلیں لبریز ہوچکی ہیں چند مقامات پر تالابوں اور کنٹوں سے فاضل پانی خارج کیا جارہا ہے۔ چند مقامات پر سڑک کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے بعد حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

حکام نے نشیبی علاقوں میں مقیم عوام سے چوکس رہنے، ضرورت پڑنے پر فوری تخلیہ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔ شہر حیدرآباد میں بھی شدید بارش کے سبب سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے ٹرافک میں خلل پڑا۔مسلسل بارش کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے ریاست بھر میں تمام تعلیمی اداروں کو جمعرات اور جمعہ کو دو روزہ تعطیلات کا اعلان کیا۔

ریاست میں 20 اور21 جولائی کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ عثمانیہ یونیورسٹی نے بھی کالجوں کو تعطیلات کا اعلان کیا ہے اور ان دو دنوں (20اور21 جولائی) میں منعقد شدنی امتحانات ملتوی کردیا گیا۔ اس دوران جمعرات کے روز بھدرا چلم کے مقام پر دریاگوداوری کی سطح 41فٹ تک پہنچ گئی۔

اگر سطح آب43 فٹ تک پہنچ جاتی ہے تو حکام، پہلی وارننگ جاری کریں گے۔ سنٹرل واٹر کمیشن کاکہنا ہے کہ اوپری علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے گوداوری کی سطح میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ ضلع انتظامیہ نے گوداوری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں مقیم افراد کو الرٹ کردیا ہے۔

مسلسل بارش سے کھمم، بھدرا دری کتہ گوڑم، محبوب آباد اور دیگر اضلاع میں سنگارینی کالریز کی کئی کانوں میں کوئلہ کی پیداور کاعمل متاثر ہوا۔ ضلع سدی پیٹ کے بسوا پور میں ندی کا پانی، سڑک کے اوپر سے بہنے لگا جس کے سبب مصروف ترین سڑک زیر آب آگئی جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر رہی۔

ورنگل ضلع کے کئی نشیبی علاقوں میں پانی آگیا اور اس ضلع میں مسلسل بارش سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی۔ اس دوران چیف سکریٹری شانتی کماری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ منصف ویب ڈیسک کے مطابق شہر حیدرآباد کے شمالی اور وسطی مقامات پر شدید بارش کے سبب20جولائی کی صبح عوام چوکس ہوگئی۔

میاں پور کے جے پی نگر کمیونٹی ہال میں واقع آٹو میٹک و یدر اسٹیشن میں سب سے زیادہ9 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ٹولی چوکی اور حیات نگر میں 7 سنٹی میٹر، گاجو لہ رامم، کوکٹ پلی، قطب اللہ پور، جیڈی مٹلہ، پٹن چیرو، یوسف گوڑہ، رامچندر پورم، بی ایچ ای ایل، موتی نگر، جوبلی ہلز، اور بنجارہ ہلز علاقوں میں 5 سنٹی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔

دیگر علاقوں میں بھی کافی بارش ہوئی ہے ان میں الوال، لنگرحوض، مونڈا مارکٹ، خیریت آباد، بالا نگر، خواجہ گوڑہ، امیر پیٹ، اور سری نگر کالونی شامل ہیں۔ شہر میں گذشتہ تین دنوں سے وقفہ، وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں صبح کے اوقات میں اچانک تیز بارش سے دفاتر اور کام کے مقامات پر جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر کے کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں۔ جس کے سبب ٹرافک نظام مفلوج ہوگیا۔ بارش سے مربوط شکایتوں پر فوری طور پر ردعمل کے اظہار کیلئے بلدی حکام کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شیر لنگم پلی میں ریلوے برج کے نیچے پانی جمع ہونے سے مسافرین کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔

جی ایچ ایم سی کے شعبہ انفورسمنٹ ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شہریان سے کہا کہ وہ گھروں میں رہیں ا ور غیر ضروری سفر پر نہ نکلیں کیونکہ مزید بارش کا امکان ہے۔ ایمرجنسی میں مدد کیلئے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے فون نمبر 9000113667 پر کال کریں۔

حیدرآباد ٹرافک پولیس نے ڈرائیورس سے کہا کہ وہ احتیاط سے گاڑیاں چلائیں کیونکہ مسلسل بارش سے سڑکیں بھیک چکی ہیں۔ شہر حیدرآباد میں پیر کی شام سے وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں جمعرات کے روز تیسرے دن بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

آج صبح8:30 بجے سے9بجے تک صرف نصف گھنٹہ میں زبردست بارش ہوئی۔ اس دوران گچی باؤلی علاقہ میں 13ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ میاں پور میں 12.5 ملی میٹر اور جیڈی میٹلہ میں 11.3ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں مزید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔