خیریت آباد اور امیر پیٹ زونس کیلئے سرکاری قاضیوں کا تقرر
حکومت تلنگانہ نے قانون قاضی کے تحت امیر پیٹ زون اور خیریت آباد زون کے لئے دو نئے قاضیوں کا تقررعمل میں لایا ہے۔

حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے قانون قاضی کے تحت امیر پیٹ زون اور خیریت آباد زون کے لئے دو نئے قاضیوں کا تقررعمل میں لایا ہے۔
اس خصوص میں پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود مسٹر احمد ندیم نے دوعلحدہ جی اوز ایم ایس نمبرات 15 اور 16 مورخہ 6 /مارچ جاری کرتے ہوئے قانون قاضی 1880 کی دفعہ 2 کے تحت مسلمانوں کے نکاح کے امور انجام دینے امیر پیٹ زون کے لئے جناب محمد مختار ولد جناب محمد اسحٰق کو اور خیریت آباد زون کے لئے جناب محمد مختار احمد ولد جناب محمد عبدالشکور مرحوم کو قاضی مقرر کیا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت تلنگانہ نے حیدرآباد ضلع کو 32 زونس میں تقسیم کرتے ہوئے علحدہ علحدہ قاضیوں کے تقررات کا عمل شروع کیا ہے۔
امیر پیٹ زون میں امیر پیٹ کے وارڈ نمبر 7 بلاک 1 (جزوی) اور وارڈ نمبر 7 بلاک نمبر 2 (جزوی) صنعت نگر کے وراڈ نمبر 7 بلاک نمبر 1 (جزوی) وارڈ نمبر 7 بلاک نمبر 2 (جزوی) علاقے آتے ہیں جن میں امیر پیٹ‘ براہ مائتری وانم۔ایس آر نگر‘ بی کے گوڑہ‘ ای ایس آئی‘ یونانی ہاسپٹل‘ اے جی کالونی‘ رعیتو بازار‘ صنعت نگر‘ مسجد جعفریہ‘ مسجد ابراہیمہ‘ پکاک فنکش ہال‘ ویکٹوری گارڈن‘ گڈس شیڈ موسیٰ پیٹ‘ قطب شاہی مسجد کوکٹ پلی محلہ جات کا احاطہ ہوتا ہے۔
اسی طرح خیریت آباد زون کے تحت خیریت آباد کے وارڈ نمبر 6 بلاک نمبر 1 اور 2 (مکمل)‘ وارڈ نمبر 6 بلاک نمبر 3 (جزوی)پنجہ گٹہ میں وارڈ نمبر 6 بلاک نمبر 3)جزوی) اور سوماجی گوڑہ میں وارڈ نمبر 6 بلاک نمبر 3 (جزوی) شامل ہیں جن کے تحت خیریت آباد‘ پنجہ گٹہ‘ سوماجی گوڑہ‘ لکڑی کا پل‘ مسجد شاداں کالج‘ چنتل بستی‘ خیریت آباد منڈل‘ سکریٹریٹ براہ ٹینک بنڈ ایم ایس مقطعہ‘ راج بھون‘ مسجد بی صاحبہ‘ بی ایس مقطعہ‘ مسجد قطب شاہی خیریت آباداور مسجد قبور کے علاقے آتے ہیں۔
حکومت نے ان دونوں حضرات کو قاضی مقرر کرتے ہوئے چند شرائط کے تابع کیا ہے جن میں وہ اور ان کے نائبین کے کسی بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہونے‘ حکومت/وقف بورڈ کی مقررکردہ شرح سے زائد چارج نہ کرنے اور مناسب فرد کو ہی نائب قاضی مقرر کرنے اور اس سے حکومت کو مطلع کرنے اورنابالغوں اور کنٹراکٹ میریجس نہ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ ان قاضیوں کو ان کے ہی مصرحہ علاقہ جات میں ہی نکاح کے امور انجام دینا ہوگا۔