ایشیاء

دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی تو میں زخمی شیر بن سکتا ہوں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ’یاد رکھو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی تو میں زخمی شیر بن سکتا ہوں‘۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے خبردار کیا کہ ’یاد رکھو دیوار کے ساتھ لگانے کی کوشش کی تو میں زخمی شیر بن سکتا ہوں‘۔

بہاولپور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’چیری بلاسم اور جو تمہارے پیچھے ہیں سن لو، جتنا تم مجھے ڈرانے، دبانے کی کوشش کرو گے میں اتنا ہی مقابلہ کرونگا۔’سن لو ایک کال دوں گا تمہیں اسلام آباد میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، اس کال کے میں قریب پہنچنے جا رہا ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ چوری سے نہیں جب صدر، وزیراعظم، وزرا کرپشن کریں ملک تباہ ہو جاتے ہیں، زرداری، شریف ملک کا پیسہ چوری کر کے باہر لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ’آپ سب کو حقیقی آزادی کے لیے تیار کر رہا ہوں، ہم سب نے مل کر ان چوروں سے ملک کوآزاد کرنا ہے۔ دوطرح ملک میں تبدیلی آتی ہے، امام خمینی جیسا انقلاب یا پھرالیکشن کے ذریعے انقلاب لایا جاتا ہے، ملک کی سب سے خوفناک اورملک کی بڑی بیماری زرداری ہے، چیری بلاسم جوتے دیکھ کر ہی پالش شروع کر دیتا ہے۔

‘عمران خان نے اپنے خطاب میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’ڈیزل اسلام کو اپنی سیاست چمکانے اور پیسہ بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ قرضے بڑھ رہے ہیں اور یہ ملک کو اندھیرے کی طرف لیکر جارہے ہیں، ایک ہی راستہ ملک میں صاف اورشفاف الیکشن کرائے جائیں۔

’چوروں کا ٹولہ ملک کو دلدل میں لیکر جا رہا ہے، شفاف الیکشن ہو گا تو ملک میں سیاسی استحکام آئے گا، سیاسی استحکام ہو گا تو ملکی معیشت ٹھیک ہو گی، سب سے پہلے ملک میں جلد از جلد الیکشن کرایا جائے تاکہ استحکام آئے۔‘

حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جتنے بھی چیری بلاسم کے وزیر اور جو آپ کی حکومت کے پیچھے ہیں کان کھول کر سن لو، چار ماہ تک بہت برداشت کیا،25 مئی کو خواتین، بچوں پر شیلنگ کی گئی، 25 مئی کو صرف ملک کو انتشار سے بچانے کے لیے دھرنا نہیں دیا تھا۔

’پنجاب کے ضمنی الیکشن میں ان کو پھینٹا پڑا اور حمزہ شہباز فارغ ہوا، میں نے کہا شہبازگل پر جنہوں نے تشدد کیا ان کے خلاف قانونی کارروائی کروں گا، مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرایا، چیری بلاسم اور جو تمہارے پیچھے ہیں سن لو، جتنا تم مجھے ڈرانے، دبانے کی کوشش میں اتنا ہی مقابلہ کرونگا۔