سورت میں 60کیلو بیف ضبط ہوٹل مالک گرفتار
لال گیٹ پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل یجندر دادو بھائی نے بتایا کہ 11 ستمبر کو اسے شکایت ملی تھی کہ ہوٹل دہلی دسترخوان میں بیف اسٹور کیا جارہا ہے اور گاہکوں کو کھلایا جارہا ہے۔
سورت: ایک ہوٹل مالک کو اپنے گاہکوں کو مٹن کے بجائے بیف کھلانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ گجرات کے سورت میں ہوٹل دہلی دسترخوان سے 60کیلوگرام گائے کا گوشت ضبط کیا گیا۔ لال گیٹ پولیس اسٹیشن کے ہیڈ کانسٹیبل یجندر دادو بھائی نے بتایا کہ 11 ستمبر کو اسے شکایت ملی تھی کہ ہوٹل دہلی دسترخوان میں بیف اسٹور کیا جارہا ہے اور گاہکوں کو کھلایا جارہا ہے۔
اس نے اپنی ٹیم کے ساتھ ہوٹل کی تلاشی لی جس کے دوران 6 تھیلوں میں گوشت پایاگیا۔ ہر تھیلہ کا وزن 10کیلو تھا۔ سورت پولیس نے ضبط کردہ گوشت‘ ایف ایس ایل کو بھیج دیا جس نے توثیق کی کہ یہ گائے کا گوشت ہے۔ جمعرات کی رات ہوٹل مالک سرفراز محمد وزیر خان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کو انصار کی تلاش ہے جس نے بیف سپلائی کیا تھا۔ گجرات میں گائے اور بچھڑوں کا ذبیحہ منع ہے۔ سورت کی ہوٹل دہلی دسترخوان‘ لال گیٹ پولیس اسٹیشن علاقہ میں واقع ہے۔