ایشیاء

عمران خان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں و عدلیہ کودھمکی دینے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

اسلام آباد: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں و عدلیہ کودھمکی دینے پر مقدمہ درج کیا گیا۔

عمران خان کے خلاف ایف آئی آر انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کی گئی ہے اور یہ مقدمہ ڈیوٹی مجسٹریٹ علی جاویدکی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ میں سرکاری عہدیداروں کو دھمکیاں دینے اور کام سے روکنے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمہ کے متن کے مطابق عمران خان نے ایف نائن پارک جلسے میں ایڈیشنل سیشن جج اورپولیس عہدیداروں کوڈرایا دھمکایا اور ان کی تقریر کا مقصد پولیس حکام اورعدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈرانے دھمکانے کا مقصد پولیس عہدیداروں اور عدلیہ کو قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے سے روکنا تھا۔

مقدمہ کے متن کے مطابق عمران خان کی تقریرسے عوام الناس میں بے چینی، بدامنی اور دہشت پھیلی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنے کا اعلان کیا تھا اور دورانِ خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ کو نام لے کر دھمکی بھی دی تھی۔

اس حوالے سے اسلام آباد پولیس کا بھی بیان سامنے آیا تھااور ترجمان نے کہا تھاکہ خاتون عہدیدار اور دیگر پولیس عہدیداروں کو دھمکیاں دینا ریاستی اداروں کے خلاف عمل ہے۔ترجمان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد پولیس کو بطور ادارہ ساکھ متاثر کرنے اور متنازع بنانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔