کھیل

فیفا معطلی کے فیصلہ پر نظر ثانی کرے: اے آئی ایف ایف

آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کے کارگزار جنرل سکریٹری سنندو دھر نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، فیفا ہندوستان میں منعقد ہونے والے اے آئی ایف ایف اور انڈر 17 خواتین کے ورلڈ کپ کی معطلی کو رد کردے گا۔

نئی دہلی: آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے کارگزار جنرل سکریٹری سنندو دھر نے منگل کو فٹ بال کی عالمی تنظیم فیڈریشن انٹرنیشنل ڈی فٹ بال ایسوسی ایشن (فیفا) کی جنرل سکریٹری فاطمہ سمورا سے اے آئی ایف ایف کی معطلی کے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ فیفا نے منگل کو ” تیسرے فریق کی غیر ضروری مداخلت” کا حوالہ دیتے ہوئے اے آئی ایف ایف کو معطل کر دیا تھااور کہا کہ سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز (سی او اے) کی منسوخی اور اے آئی ایف ایف کا چارج فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہاتھوں میں جانے کے بعد ہی معطلی ہٹائی جائے گی۔

اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے پیر کو سی او اے کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا اور اے آئی ایف ایف کا چارج جنرل سکریٹری دھر کو سونپ دیا۔ سمورا کو لکھے ایک خط میں، دھر نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا، "ہمیں یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ سپریم کورٹ نے ہمارے کیس کی سماعت کی ہے اور سی او اے کو مکمل طور پر تحلیل کرنے اور فیڈریشن کی مکمل ذمہ داری اے آئی ایف ایف کو دینے کی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد، فیفا ہندوستان میں منعقد ہونے والے اے آئی ایف ایف اور انڈر 17 خواتین کے ورلڈ کپ کی معطلی کو رد کردے گا۔