لوکیش کی پدیاترا کے 100ویں دن ”ماں“بھی شریک
تلگودیشم پارٹی کے صدر و آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹراین چندرا بابونائیڈوکی اہلیہ این بھونیشوری‘ اپنے فرزند این لوکیش کی جاری پدیاترامیں آج شامل ہوئیں۔
سری سیلم(اے پی): تلگودیشم پارٹی کے صدر و آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹراین چندرا بابونائیڈوکی اہلیہ این بھونیشوری‘ اپنے فرزند این لوکیش کی جاری پدیاترامیں آج شامل ہوئیں۔
بھونیشوری جو تلگودیشم پارٹی کے بانی ومتحدہ ریاست اے پی کے سابق چیف منسٹر آنجہانی این ٹی آر کی دختر ہیں اور خاندان کے دیگر افراد نے‘پدیاترا کے 100ویں دن پیر کے روز لوکیش کے ساتھ پیدل چلے۔
یہ پدیاترا”یوواگالم“ (صدائے نوجوان) کے نام سے جاری ہے۔ اس پدیاترامیں ٹی ڈی پی کے سینکڑوں قائدین اور ورکرس نے حصہ لیا۔ اپنی پدیاترا کے 100 دن کی تکمیل پر لوکیش نے موتکورکے مقام پر پائیلان کی نقاب کشائی انجام دی۔
دریں اثناء پارٹی سربراہ چندرا بابو نائیڈونے ٹوئٹ کرتے ہوئے پدیاترا کے 100دن مکمل ہونے پر لوکیش کومبارکباد دی۔نائیڈونے ٹوٹرپرتحریر کیا کہ ”مجھے یقین ہے کہ اس (لوکیش) نے سڑک پرجووقت گزارا ہے اس سے اس کو قریب سے عوام کے حقیقی مسائل جاننے اوران مسائل کو محسوس کرنے کا موقع ملاہے۔
ابھی کئی میل کا سفر کرنا باقی ہے“۔این لوکیش نے 27 جنوری کوکپم سے اپنی 4ہزار کیلومیٹر طویل ریاست گیر پدیاترا کا آغاز کیاتھا۔حلقہ کپم سے ان کے والد نائیڈو اسمبلی میں نمائندگی کرتے ہیں۔
اس یاترا کے دوران 120اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیاجائے گا۔ریاست میں یہ یاترا400دنوں میں مکمل ہوگی۔اب تک انہوں نے1200 کیلو میٹر کی یاترا مکمل کی ہے۔
یاترا کے پہلے ہی دن لوکیش کے خاندان کوایک افسوسناک واقعہ سے گزرنا پڑا۔پہلے روز ان کے کزن وفلمی اداکار ننداموری تارکارتنا‘قلب پر شدید حملہ کے بعد گرپڑے تاہم 38 سالہ رتنا بنگلورو کے دواخانہ میں علاج کے دوران 18 فروری کو چل بسے۔