شمالی بھارت

دلت کو چپل چاٹنے پرمجبورکرنے والا گرفتار‘ نوکری سے برخاست

اترپردیش پولیس نے ٹوئٹ کیاکہ ڈی جی پی نے واقعہ کا نوٹ لیا ہے اور ڈی آئی جی رینج کو جائے واردات پر جانے کی ہدایت دی۔ ایس سیٖ/ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آردرج کرلی گئی اور ملزم کو فوری گرفتارکرلیاگیا۔

سون بھدرا(یوپی): اترپردیش کے اس ضلع میں محکمہ برقی کے ایک کنٹراکٹ ملازم کو گرفتارکرلیاگیا‘ اس پر ایک دلت کو مارپیٹنے اور چپل چاٹنے پر مجبورکرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے اتوار کے دن یہ بات بتائی۔ واقعہ کا ویڈیوسوشیل میڈیا پروائرل ہوگیاتھا۔

متعلقہ خبریں
سعودی عرب میں لڑکی سے غیر اخلاقی حرکت پر ہندوستانی شہری گرفتار
فیروزآباد کا نام چندرا نگر رکھنے کی تجویز کو منظوری
خودساختہ ڈاکٹر گرفتار۔ 2 سل فونس، میڈیکل اشیاء ضبط
تحصیلدار رشوت قبول کرتے ہوئے گرفتار
نوجوان کی خودکشی، تبدیلی مذہب کیلئے دباؤڈالنے کا الزام

 ملزم کو نوکری سے برخاست کردیاگیا۔ یہ واقعہ سیاسی تنازعہ بن گیاتھا۔ اپوزیشن جماعتوں نے یوپی میں برسراقتدار بی جے پی کو نشانہ تنقید بنایا۔ سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ واقعہ مدھیہ پردیش کے ضلع سدھی کے واقعہ سے کم شرمناک نہیں ہے جبکہ عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی دور میں دلتوں کو انسان تک نہیں سمجھاجاتا۔

 کانگریس نے بھی تنقید کی جبکہ آرجے ڈی نے بی جے پی پردلتوں کی بے عزتی کا الزام عائد کیا۔ 8جولائی کو پولیس شکایت میں دلت راجندرچمار نے کہاکہ وہ درجہئ فہرست ذات (ایس سی) زمرہ میں آتا ہے۔ 6جولائی کو وہ اپنے ماموں کے گھرگیاتھا جہاں برقی سربراہی بند تھی۔

 وہ نقص ڈھونڈنے کی کوشش کررہاتھا کہ محکمہ برقی کے کنٹراکٹ ملازم تیج بلی سنگھ پٹیل نے اسے گالیاں دیناشروع کردیا۔ اس نے ذات کا نام لے کر بھی گالیاں دیں اور چپل چاٹنے پر مجبورکیا۔

بعدازاں مقامی لوگوں نے مداخلت کی۔ ہفتہ کی رات اترپردیش پولیس نے ٹوئٹ کیاکہ ڈی جی پی نے واقعہ کا نوٹ لیا ہے اور ڈی آئی جی رینج کو جائے واردات پر جانے کی ہدایت دی۔ ایس سیٖ/ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایف آئی آردرج کرلی گئی اور ملزم کو فوری گرفتارکرلیاگیا۔

ڈی جی پی نے یہ بھی ہدایت دی کہ ملزم کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کی جائے۔اتوار کے دن ریاستی پولیس نے ٹوئٹرپرلکھا کہ سون بھدرا پولیس کی فوری کاروائی کے  نتیجہ میں ملزم تیج بلی سنگھ پٹیل گرفتارکرلیاگیا اور محکمہ برقی نے اسے  نوکری سے نکال دیا ہے۔