بھارت

مسلم تنظیم کی جانب سے بھی فلم ’پٹھان‘ کی مخالفت

دہلی میں قائم آل انڈیامسلم تیوہارکمیٹی نے اس فلم کانام بدلنے اورقابل اعتراض مناظر حذف کئے جانے تک اس کی نمائش پر پابندی عائد کردینے کامطالبہ کیا۔

بھوپال: ایسا معلوم ہوتاہے کہ شاہ رخ خان اوردیپکا پڈوکون کی فلم”پٹھان“ کومزید دشواریوں کا سامنا کرناپڑے گا۔ مدھیہ پردیش کے وزیرداخلہ نروتم مشرا کی جانب سے اس فلم کے ایک نغمہ”بے شرم رنگ“میں دیپکاپڈوکون کے بھگوارنگ کی بکنی پہننے پراعتراض کے ایک دن بعد اب ایک مسلم تنظیم نے بھی اس فلم پر امتناع عائد کرنے کامطالبہ کیا ہے۔

دہلی میں قائم آل انڈیامسلم تیوہارکمیٹی نے اس فلم کانام بدلنے اورقابل اعتراض مناظر حذف کئے جانے تک اس کی نمائش پر پابندی عائد کردینے کامطالبہ کیا۔پیرزادہ خرم میاں چشتی نے جواس تنظیم کے سربراہ ہیں‘ نے کہاکہ گذشتہ دودن کے دوران مجھے ملک بھرسے بے شمارفون کالس موصول ہوئی ہیں جن میں کہاگیاہے کہ اس فلم میں فحش مناظر ہیں اوراسلام کوخراب اندازمیں پیش کیاگیاہے۔

ایسی فلم کوپٹھان کانام دینا پٹھان برادری کے جذبات کی توہین کے مترادف ہے۔ ہم اس فلم پرپابندی عائد کرنے کامطالبہ کرتے ہیں۔ اس کانام تبدیل کئے جانے تک نمائش کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ ممبئی اورتلنگانہ میں ہمارے یونٹ عنقریب ایف آئی آردرج کراتے ہوئے فلمسازوں اوراداکاروں کے خلاف قانونی کاروائی شروع کریں گے۔

ہم اس فلم کانام تبدیل کئے جانے تک اس فلم کی نمائش پر پابندی کامطالبہ کرتے ہیں۔اگر مقامی پولیس کاروائی نہ کرے تو ہم عدالت سے رجوع ہوں گے۔

اس فلم میں شاہ رخ خان کے ہونے یانہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ ان کے ہونے کے باوجودہم پابندی کامطالبہ جاری رکھیں گے۔