تلنگانہ

ڈائیلاسس مریضوں میں وظائف کی اجرائی، تلنگانہ واحد ریاست

ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں ڈائیلاسس کے مریضوں کو پنشن دیا جارہا ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ملک بھر میں تلنگانہ ایسی واحد ریاست ہے جہاں ڈائیلاسس کے مریضوں کو پنشن دیا جارہا ہے آج انڈین انسٹیٹیوٹ آف فیملی اینڈ ہیلتھ۔ ونگل راؤ نگر میں ڈائیلاسس کے مریضوں میں وظائف کی تقسیم کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریضوں کے کھاتوں میں پانچ پانچ ہزار روپے جمع کرادئیے گئے ہیں۔

ریاست بھر میں آروگیہ شری اسکیم کے تحت10 ہزار مریضوں کو ڈائیلاسس کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ سابق میں ریاست میں صرف تین ڈائیلاسس مراکز ہوا کرتے تھے مگر ٹی آر ایس حکومت نے غیر معمولی کارنامہ انجام دیتے ہوئے ان کے مراکز کی تعداد کو103 کردیا ہے۔

ریاست کے 33اضلاع کے83مقامات پر 103 مراکز قائم کئے گئے۔ گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کی سہولت کیلئے700 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں ہر سال سرکاری دواخانوں میں 150 سے زیادہ گردوں کی پیوندکاری مفت انجام دی جارہی ہے۔

گردوں کی پیوند کاری سے گزرے مریضوں کو حکومت کی جانب سے تاحیات مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔اس موقع پر ہریش راؤ نے ریاست میں ٹیلی۔ منٹل ہیلتھ سرویسس کے آغاز کا اعلان کیا جس کا ٹول فری نمبر 14416 ہے اور یہ سرویسس 24گھنٹے مسلسل کارکرد رہے گی۔

حکومت کی جانب سے ایک کال سنٹر قائم کیا جائے گا جس میں 25ماہر کونسلرس، ماہر نفسیات، ماہر تشخیص کار عوام کی مدد کیلئے موجود رہیں گے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں ایسے کئی مقامات ہیں جہاں ماہر تشخیص کار دستیاب نہیں ہیں۔ اس سرویس کے ذریعہ عوام کو سہولت حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ان ماہرین سے ہونے والی بات چیت کو مخفی رکھا جائے گا۔ ایک بار متاثر شخص کا اعتماد بحال ہونے کے بعد شخصی طور پر معائنہ کی تجویز دی جائے گی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ان خدمات کو انسٹیٹیوٹ آف منٹل ہیلتھ کا تعاون حاصل ہے۔